عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر یونیورسٹی میں شمالی زون انٹر یونیورسٹی والی بال ٹورنامنٹ (خواتین) اختتام پذیر ہوا جس میں شمالی بھر کی 35 یونیورسٹیوں نے حصہ لیا۔4 روزہ پروگرام میں تقریباً 700 خواتین کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی۔ پنجاب یونیورسٹی پٹیالہ نے طلائی تمغہ جیتا جبکہ چاندی کا تمغہ پنجاب یونیورسٹی چندی گڑھ اور کانسی کا تمغہ ایل پی یو جالندھر نے حاصل کیا۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر نثار احمد میر رجسٹرارکشمیر یونیورسٹی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر میر نے تقریب کے دوران دلچسپ میچ دیکھنے پر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کشمیر یونیورسٹی میں ہونے والے پروگرام کیلئے شمالی ہند کی مختلف یونیورسٹیوں سے بڑی تعداد میں آنے کے لیے تمام شرکاء کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان کی قیادت میں اس نوعیت کے مزید کھیلوں کے مقابلے کشمیر یونیورسٹی میں مکمل تعاون کے ساتھ منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے تقریب کی میزبانی کیلئے کشمیر یونیورسٹی پر اعتماد کرنے کیلئے ایسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز (AIU) اور اسپانسرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں ڈاکٹر ندیم احمد ڈار، کوآرڈی نیٹر ڈائریکٹوریٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس نے تمام مہمانوں اور ٹیموں کو خوش آمدید کہا اور ایونٹ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ فراہم کی۔