عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کشمیر ( سی سی آئی کے) نے بدھ کو سرینگر میں اپنا 16واں سالانہ اجلاس منعقد کیا۔سی آئی سی کشمیر 1 نومبر 2023 کو اپنے عہدے داروں کا انتخاب کرتا ہے۔اس موقع پر تمام ممبران نے متفقہ طور پر طارق رشید گانی کو دو سال کے لیے چیمبر کا صدر منتخب کیا جبکہ کشمیر کے معروف ہوٹل مالک مشتاق چایا کو CCIK کا سرپرست جنرل منتخب کیا گیا۔ڈی ڈی سی بارہمولہ کی چیئرپرسن سفینہ بیگ اور سیکرٹری سیاحت عابد رشید شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ معروف کاروباری رہنما، ہوٹل مالکان اور دیگر اہم شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔گانی نے کہا کہ موجودہ وقت میں بزنس کمیونٹی کے لیے کام کرنا کافی چیلنجنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ “اگرچہ سیاحت کا شعبہ اپنے راستے پر واپس آ گیا ہے، لیکن دیگر شعبوں سے وابستہ لوگوں کو اب بھی مسائل درپیش ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے”۔انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ان مسائل کو حل کیا جائے گا جو ابھی تک حل نہیں ہو سکے ہیں۔اس موقع پر چوہدری گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین شوکت چوہدری اور منیجنگ ڈائریکٹر ہیٹرک فوڈز بابر چوہدری کو مبارکباد پیش کی گئی۔ای ٹی وی بھارت کے سینئر خصوصی نامہ نگار پرویز الدین کو صحافت کے شعبے میں بہترین رپورٹنگ کے لیے سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ پی ایس اے جے کے کے صدر جی این وار اور نگین لیک کنزرویشن آرگنائزیشن(این ایل سی او) چیئرمین منظور احمد وانگنو، محمد صدیق رونگا صدر جے کے گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن، شیخ فیروز( صدر جموں کشمیر حج و عمرہ سروسز ایسوسی ایشن)، منظور پختون صدرہائوس بوٹ اونرس ایسوسی ایشن، JKEDI، جے کیکامرس اینڈ انڈسٹریز، محکمہ لیبر، ایس ایم سی، محکمہ صحت، صوبائی کمشنر آفس، محکمہ پولیس، ایس ڈی اے، اور ایل سی ایم اے کے عہدیداروں کو بھی ان کی گراں قدر خدمات پر مبارکباد دی گئی۔