محمد تسکین
بانہال// کشمیر ریل پروجیکٹ پر 111 کلومیٹر لمبی کٹراہ۔ بانہال ریلوے لائن پرکام آخری مراحل میں جا ری ہے اور اس سیکٹر کے بیشتر حصے پر ریلوے لائن بچھائی گئی ہے تاہم ابھی بھی الیکٹریکل ورکس سمیت دیگر کام کئے جا رہے ہیں۔ بانہال اور سنگلدان کے درمیان آئندہ سال کے اوائل میں ریلوے سروس چلانے کیلئے ریلوے اور مختلف کام کرنے والی کمپنیاں پر امید ہیں۔ ریلوے اور ارکان انٹرنیشنل کے اعلیٰ حکام بانہال اور سنگلدان کے درمیان جاری کام کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور اب تک ریلوے کی طرف سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کئی اعلیٰ افسران نے بانہال ، کھڑی ، سمبڑ اور سنگلدان کے درمیان آخری مراحل میں داخل ریلوے کے کام کا جائزہ لیا ہے اور حکام کی آمد ما سلسلہ جاری ہے۔ضلع رام بن میں ریلوے کا بیشتر حصہ زیر زمین ٹنلوں پر مشتمل ہے اور قریب 56 کلومیٹر کے ریلوے ٹریک کا 96 فیصد حصہ ٹنلوں پر مشتمل ہے اور ریل کا نظارہ کھڑی، سمبڑ اور سنگلدان کے ریلوے سٹیشنوں کے علاوہ چند ایک مقامات پر ہی کیا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ 111 کلومیٹر طویل کٹراہ۔ بانہال سیکشن میں بھی ریل کا بیشتر حصہ زیر زمین ٹنلوں پر مشتمل ہے اور اس سیکشن میں 97 کلومیٹر کی مسافت والے 27 ٹنل ، 37 پل شامل ہیں جن میں 26 پل بڑے ہیں۔ریلوے ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال اور سنگلدان کے سیکٹر میں ریلوے لائن کا بیشتر کام مکمل ہے اور ٹرالی کو چلایا بھی گیا ہے تاہم ابھی بھی ریلوے ٹنلوں کے اندر بہت سارا کام جاری ہے جس میں الیکٹریکل انجینئرنگ کا کام بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اس سیکشن میں الیکٹریکل وین اور آزمائشی انجن بھی چلائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک بھارتیہ ریلوے کے کئی اعلیٰ حکام بہت سارے انسپکشن کر چکے ہیں تاہم ابھی بھی سیفٹی انسپکشن ہونا باقی ہے اور سیفٹی انسپکشن ریلوے لائن کو اوکے کرنے کیلئے آخری انسپکشن ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھڑی ریلوے سٹیشن کا بیشتر کام مکمل کیا گیا ہے تاہم سمبڑ اور سنگلدان کے ریلوے سٹیشنوں میں بقایا کام انجام دیا جارہا ہے جبکہ ریلوے ٹنلوں کے اندر ابھی کئی کام کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڈگام اور بانہال کے درمیان OHE یا اوور ہیڈ الیکٹریفکیشن کا کام پہلے ہی مکمل ہے تاہم بانہال اور سنگلدان کے درمیان اوور ہیڈ الکیٹریفکیشن اور سگنل کا کام بھی آخری مراحل میں چل رہا ہے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ریلوے کے ایک حاکم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال اور سنگلدان کے درمیان ریل سروس کو آئندہ سال مارچ تک چلانے کی امید ہے اور اس کیلئے بقایا کام سرعت کے ساتھ جاری ہے۔