عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے کل یوٹی یوم تاسیس کے موقعہ پر زیرو برج پر ’’رشوت اور غربت سے پاک مستقبل”‘‘ اور’ ایک بھارت شریشٹھ بھارت ‘کے نظریات پر ایک مصوری مقابلہ میں شرکت کی۔اُنہوں نے مقابلے میں حصہ لینے والے بچوں سے بات چیت کی اور انہیں اپنے تخلیقی فن کے ذریعے سماجی مسائل کو اُجاگر کرنے کی ترغیب دی۔
مصوری مقابلے کا اِنعقاد محکمہ سکولی تعلیم نے کیا تھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یوٹی یوم تاسیس کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر مشہور لال چوک میں ’’بدلتا کھلتا جموں کشمیر‘‘کے موضوع پر محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ کے زیر اہتمام ایک تصویری نمائش کا اِفتتاح کیا۔نمائش میں گزشتہ چاربرسوںمیں جموں و کشمیر کے ترقیاتی سفر پر روشنی ڈالی گئی۔اِس موقعہ پر میئر ایس ایم سی جنید عظیم متو ، کمشنر سیکرٹری دیہی ترقی اور پنچایتی راج مندیپ کور، سی اِی او مشن یوتھ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری ، ڈائریکٹر اِنفارمیشن ڈیپارٹمنٹ منگا شیرپا، سربراہان اور سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔