اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے آن لائن جعلسازی کے معاملے میں ملوث اتر پردیش کے دو افراد کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے دھوکہ دہی سے ضلع کشتواڑ کے درابشالہ سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی تاجر سے ساڑھے تین لاکھ روپے ہڑپ کئے تھے۔ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ضلع کشتواڑ کے درابشالہ سے تعلق رکھنے والے سنجے کمار ولد دھونی چند جو کہ ٹھاٹھری میں ہول سیل مارکیٹنگ کاکام کرتے ہیں ،نے پولیس سٹیشن ٹھاٹھری سال 2020 میں ایک شکایت درج کی جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ آدیش سنگھ ولد سورن سنگھ ساکنہ چندوکھہ فاروق آباد یو پی و وشال پرتاپ سنگھ ولد آدیش کمار ساکنہ برکھہ فاروق آباد یوپی نے انہیں اجے ناگیش جوشی کے نام سے فون کرکے اپنے آپ کو انڈیکسس سکروز لمٹیڈ ہوشی پورہ پنجاب کا ہول سیلر بتایا اور کہا کہ وہ چینی کا ہول سیل کاروبار کرتے ہیں۔شکائت کنندہ کے مطابق ان دھوکہ بازوں نے دس ٹین چینی فراہم کرنے کا یقیں دلایا جس کے لئے 3لاکھ پچیس ہزار روپے کی رقم بنک کھاتے میں جمع کرنے کو کہا. شکائت کنندہ نے ان کو اکاؤنٹ میں یہی رقم جمع کرائی پھر کچھ دنوں بعد دوبارہ فون کیا اور ایک فرضی ڈرائیور کو پانچ ہزار روپے دینے کو کہا جس پر شکائت کنندہ کو شک ہوا اور ٹھاٹھری پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر زیر نمبری 602020,زیردفعہ420آئی پی سی درج کروایا جس پر پولیس نے تحقیقات شروع کی اور آن لائن جعلسازوں کے خلاف عدالت میں چالان پیش کیا جہاں سے ان کے نام غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہوئے جس کے بعد پولیس کی ٹیم نے ان دونوں دھوکہ بازوں کو یوپی پولیس کی مدد سے فاروق آباد سے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا اور وہاں سے انہیں عدالتی ریمانڈ پر بھدرواہ جیل منتقل کیا۔پولیس کے مطابق یہ دونوں دھوکہ باز دہلی، مہاراشٹر، اترپردیش و دیگر ریاستوں میں آن لائن جعلسازی کے معاملوں میں ملوث ہیں اور کئی لوگوں کو دھوکہ دے کر لاکھوں روپے وصول کئے ہیں۔