پیپر ماشی گلدان میںزعفرانی پھول پیش،وجے دشمی پر مبارکباد
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز وجے دشمی کے مقدس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں یونین ٹریٹری کے لوگوں کی طرف سے پیپر ماشی کے ایک گلدان میں زعفرانی پھول پیش کئے۔منوج سنہا نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘آج نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں وجے دشمی کی مبارک باد پیش کی’۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا ‘میں نے اس موقع پر وزیر اعظم کو جموں وکشمیر کے لوگوں کی طرف سے ‘کونگ پوش’ (زعفرانی پھول) پیش کئے’۔اس موقعہ پر دونوں کے درمیان جموں کشمیر کے کئی اہم مسائل پر بات چیت ہوئی۔
دونوں کافی دیر تک باہمی صلاح و مشورہ کرتے رہے۔یاد رہے کہ ملک میں منگل کو وجے دشمی کا متبرک تہوار انتہائی مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا۔یہ تہوار بدی پر نیکی کی فتح کی یاد منانے کے لئے منایا جاتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو جموں و کشمیر کی زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔انہوں نے وزیر اعظم کو کسانوں کی آمدنی میں اضافے اور زرعی برآمدات کو بڑھانے، جدید انفراسٹرکچر اور ویلیو چینز کی تخلیق کیلئے اصلاحات کے وقت پر عمل درآمد کے لئے زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کی ہمہ گیر ترقی سے متعلق ایپکس کمیٹی کی سفارشات کے بارے میں بریف کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم مودی کویہ بھی بتایاکہ جموں وکشمیرکے شعبہ سیاحت نے حالیہ برسوںمیں کافی ترقی کی ہے اور گزشتہ برس ایک کروڑ88لاکھ سیاحوںکی آمد کے بعد امسال جموں وکشمیر آنے والے سیاحوںکی تعداد 2کروڑ25لاکھ تک پہنچنے کی اُمید ہے ۔انہوںنے وزیراعظم کو بتایاکہ یہ مرکز کے مکمل تعاون کی وجہ سے ممکن ہوا ہے کہ اب جموں وکشمیرمیں امن وامان کی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے اور بغیر کسی ڈریاخوف کے ملکی اور غیر ملکی سیاح جموں وکشمیر آرہے ہیں ۔انہوںنے وزیراعظم کو بتایاکہ یوٹی حکومت نے لوگوں تک پہنچنے اوراُن سے قریبی روابط بڑھانے کیلئے کئی اقدامات روبہ عمل لائے ہیں ،اوران اقدامات بشمول بیک ٹو ولیج وغیرہ کے کافی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔انہوںنے مزید کہاکہ بیک ٹو ولیج جیسے اقدامات سے لوگوں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔