عظمیٰ نیوز سروس
اننت ناگ// ڈائریکٹر فشریز، محمد فاروق ڈار نے ہفتے کو ٹراوٹ فش فارمنگ پروجیکٹ (TFFP)، کوکرناگ اور جنوبی اضلاع اننت ناگ، کولگام، شوپیان اور پلوامہ کے اندر ٹراوٹ مچھلی کی حیثیت کا ایک جامع جائزہ لیا۔یہ میٹنگ کوکرناگ کے فشریز ان سروس ٹریننگ سنٹر میں بلائی گئی تھی اور اس میں جوائنٹ ڈائریکٹر فشریز (جنوبی)کشمیر اے ایم ٹاک، چیف پروجیکٹ آفیسر ٹراٹ فش فارمنگ پروجیکٹ کوکرناگ، پرنسپل ٹریننگ سنٹر، کوکرناگ کے علاوہ متعلقہ ضلع افسران اور فارم مینیجرز/انچارجز، جو خطے میں مچھلی کاشت کرنے والے مختلف یونٹس کی نگرانی کے ذمہ دار ہیں، کی فعال شرکت دیکھی گئی۔شروع میں، جوائنٹ ڈائریکٹر فشریز نے فش فارمنگ پروجیکٹ، کوکرناگ کے ساتھ ساتھ جنوبی اضلاع میں دیگر فارموں اور یونٹس کے آپریشنز اور سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔
دورے کے دوران ڈائریکٹر فشریز نے مختلف فش فارمز کے کام کاج کا گہرائی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے شرکت کرنے والے افسران و اہلکاروں کو قیمتی ہدایات اور رہنمائی کی۔انہوں نے ان فش فارمنگ یونٹس کی پیداوار اور مجموعی پیداوار میں بہتری لانے کے لیے ان کی مہارت اور انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد خطے کے زرعی اور معاشی منظر نامے میں ٹراٹ فش فارمنگ کے شراکت کو بڑھانا ہے، اس طرح خوراک کی حفاظت اور معاش کے مواقع کو بڑھانا ہے۔ڈائریکٹر فشریز نے رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ اہداف کی کامیابیوں پر بھی زور دیا اور محکمہ میں ریونیو وصولی کے مختلف اجزا کی مالیت پر نظر ثانی کے لیے رائے طلب کی۔