عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے پشمینہ ایکسپورٹرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ایوارڈز حاصل کرنے والوں کو مُبارک باد دی۔ اُنہوں نے پشمینہ صنعت کی بحالی کے لئے جموں وکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ پشمینہ ہمارے ثقافتی ورثے کا اظہار ہے، یہ جموں و کشمیر کی معیشت میں بھی حصہ اَدا کرتا ہے اور بنکروں اور کاریگروں کے بڑے حصے کو بااختیار بناتا ہے، کشمیر کو اعلیٰ معیار کی پشمینہ مصنوعات تیار کرنے میں روایتی مہارت کی وجہ سے دنیا کی پشمینہ کیپٹل کے طور پر جانا جاتا ہے۔‘‘
اُنہوں نے کہا کہ سیاحتی شعبے میں تیزی اورجی20 سمٹ کے کامیاب انعقاد سے جموں و کشمیر کے دستکاری اور ہینڈ لوم مصنوعات کی مانگ میں اِضافہ کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پشمینہ صرف ایک ٹیکسٹائل نہیں ہے۔ یہ کشمیری ثقافت اور ورثے کی علامت ہے۔ یہ جموں کشمیر کے ثقافتی تانے بانے میں گہراجڑا ہواہے۔ اِس کی اہمیت اقتصادی دائرے سے آگے بڑھ کر ثقافتی، سماجی اور ماحولیاتی پہلوؤں پر محیط ہے جس سے یہ جموں و کشمیر کی شناخت اور طرزِ زندگی کا ایک قابل قدر اور اٹوٹ حصہ بن جاتا ہے۔ اُنہوں نے اس شعبے سے وابستہ ایسو سی ایشنوں اور شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ پی ایم وشو کرما سکیم کے ساتھ اہل کاریگروں کو جوڑیں تاکہ 18 شناخت شدہ کاروبارں میں مصروف جموں و کشمیر یوٹی کے کاریگروں اور دستکاروں کی زندگی کو تبدیل کیا جاسکے۔