زاہد بشیر
گول//گزشتہ روز سے لگا تار شدید بارشوں کی وجہ سے جہاں عام زندگی مفلوج بن کر رہ گئی وہیں گول سب ڈویژن کے ساتھ ملانے والی کئی سڑکیں پسیاں گر آنے کی وجہ سے مسدود ہو کر رہ گئی ہیں ۔ گزشتہ روز سے گول و ملحقہ جات میں شدید بارشیں ہو رہی ہیں جبکہ پہاڑوں پر امسال کی پہلی برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔ گول کے پہاڑوں پر گزشتہ روز سے ہلکی ہلکی برف باری ہو رہی ہے ۔ زمینداروں نے ابھی فصل اکھٹا کرنے کا کام مکمل نہیں کیا ہے ، گھاس کی کٹائی او رمکی و دھان کی کٹائی مکمل نہیں ہوئی ہے اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہوا جس وجہ سے زمینداروں کو غیر متوقع بارشوں اور برفباری کی وجہ سے بھی شدید نقصانات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔ گول رام بن شاہراہ ڈکسر اور کنگا کے مقام پر پسیاں گر آنے کی وجہ سے کئی گھنٹوں کے لئے بند رہی اور گریف حکام نے برستی بارش کے دوران سڑک کو آمد و رفت کے لئے بحال کر دیا وہیں گول ڈھیڈہ سڑک بھی کئی مقامات پرپسیاں اور پتھر گر آنے کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند پڑی ہے ۔ لگا تار بارشوں کی وجہ سے گول کی ندی نالوں میں طغیانی کی سی صورتحال بنی ہوئی ہے ، سردی میں کافی زیادہ اضافہ ہوا ہے لوگو ں نے گرم ملبوسات کے ساتھ ساتھ کانگڑیوں کا استعمال کرنا بھی شروع کر دیا ہے ۔ شدید بارشوں و سردی کے اضافہ کے ساتھ ہی گول بازار میں سناٹاچھایا رہا ہے ۔ وہیں لوگوں نے بجلی کی شدید کٹوتی اور پینے کے پانی کی سپلائی متاثر ہونے پر کافی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ امسال کی برف باری اور بارشوں کا موسم ابھی آیا ہی نہیں ہے تو بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہو گئی ہے اور محکمہ جل شکتی کی شکتی بھی بے کار پڑتی نظر آ رہی ہے۔
۔24گھنٹوںسے لگاتار بارشیں | گول میں زندگی مفلوج، سڑک رابطے منقطع، بجلی اور پانی کی سپلائی متاثر