عظمیٰ ویب ڈیسک
راجوری// اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے راجوری میں ایک تحصیل سپلائی آفیسر کو بی پی ایل راشن کارڈ جاری کرنے کیلئے ایک صارف سے 20ہزار روپے رشوت طلب کرتے اور وصول کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔
اے سی بی ترجمان نے بتایا کہ اے سی بی کو ایک شکایت موصول ہوئی، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ شکایت کنندہ نے اپنے بھائی کی بی پی ایل آئی ڈی کے لیے علیحدہ راشن کارڈ حاصل کرنے کیلئے راشن ڈیلر دل محمد سے رابطہ کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ راشن ڈیلر نے شکایت کنندہ کے ساتھ تحصیل سپلائی آفیسر (ٹی ایس او)، راجوری سے رابطہ کیا اور متعلقہ دستاویزات جمع کرائے۔ “تاہم، ٹی ایس او راجوری محمد ریاض نے بی پی ایل آئی ڈی کے اجراءمیں تاخیر کی اور شکایت کنندہ سے اسے جاری کرنے کے لیے 20ہزار روپے رشوت طلب کی”۔
شکایت کنندہ نے ٹی ایس او راجوری کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لیے پولیس تھانہ اے سی بی راجوری میں تحریری شکایت درج کرائی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد اس کا جائزہ لیا گیا، جس کے مطابق پولیس تھانہ اینٹی کرپشن بیورو راجوری میں پی سی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 05/2023 درج کیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ تفتیش کے دوران ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی اور اس نے ملزم تحصیل سپلائی آفیسر کو شکایت کنندہ سے 18000 روپے رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
اُنہوں نے مزید کہا،”تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ٹی ایس او کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں ملزم کے رہائشی مکان کی تلاشی بھی لی گئی۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے“۔