عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے قریب سرحد پار سے منشیات سمگل کرنے کی کوشش کے دوران فوج کی فائرنگ سے زخمی ایک نوجوان بدھ کو دم توڑ گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے گاﺅں کرماڑہ کے رہائشی 22 سالہ یاسر نذیر ولد نذیر حسین کو 24 ستمبر کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں داخل کرایا گیا تھا جب اسے گلپور سیکٹر سے زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ یاسر نذیر کو فوج کے اہلکاروں نے اس وقت گولی مار دی جب اس نے سرحد پار سے نشہ آور اشیاءکی سمگلنگ کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے منشیات کا ایک پیکٹ برآمد کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ شب 1 بج کر 25 منٹ پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا اور اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اس کی لاش اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دی جائے گی۔