راجا ارشاد احمد
گاندربل// یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس گاندربل نے قمریہ اسٹیڈیم گاندربل میں لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے ایک شاندار انٹر زون ڈسٹرکٹ لیول ایتھلیٹک میٹ کا انعقاد کیا۔گزشتہ روز محکمہ کی جانب سے گرلز کیلئے مختلف ٹریک اینڈ فیلڈ ایونٹس کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع کے چاروں زونز کے طلباء کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ڈی وائی ایس ایس او گاندربل شیخ شفقت اقبال نے کھلاڑیوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے تمام ایتھلیٹس کو اس میگا میٹ کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کھیل نہ صرف تفریح کے مقصد کیلئے کھیل کھیلنے کا ذریعہ ہیں بلکہ اب یہ اپنے آپ میں ایک پیشہ بن گیا ہے۔انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے منتخب کردہ کھیلوںمیں سخت محنت کریں اور انہیں بطور پیشہ منتخب کریں۔بعد ازاں ڈی وائی ایس ایس او نے محکمہ کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ مل کر ہونہار طالب علم کھلاڑیوں کو تمغوں سے نوازا۔