محمد تسکین
بانہال // بانہال کے بنکوٹ علاقے میں ابھی تک سڑک کے بغیر گوجر ناڑ اور وانی پورہ کی آبادی کے لوگوں نے نبارڈ کے فنڈز کے تحت شروع کئے گئے سڑک پروجیکٹ کے کام پر جہاں خوشی کا اظہار کیا ہے وہیں پھولے نہ سما رہے گوجر ناڑ بنکوٹ کے لوگوں نے بنکوٹ کے سرپنچ اور ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے یوتھ صدر برائے وادی چناب الیاس بانہالی کی کاوشوں سے منظور ہوئی سڑک پر اپنے شکریہ کا اظہار کیا ہے۔قصبہ بانہال سے محض پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع بنکوٹ کا گوجر ناڑ علاقہ اس جدید دور میں بھی سڑک کے بغیر تھا اور مقامی سرپنچ اور سیاسی و سماجی لیڈر الیاس بانہالی کی کوشش سے بالآخر یہ دیرینہ مانگ والی سڑک منظور ہوئی ہے اور اب اس پر کام کی شروعات شروع کردی گئی ۔ پیر کے روز سرپنچ اور ڈی اے پی کے یوتھ صدر برائے وادی چناب محمد الیاس وانی نے اس سڑک کی کھدائی کے کام کا افتتاح کیا اور مستفید ہونے والے لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر اس سڑک سے مستفید ہونے والے کامگار محلہ ، وانی پورہ اور گوجر ناڑ کے لوگ موجود تھے اور سڑک پروجیکٹ پر کام شروع ہونے کی خوشی ان کے چہرے عیاں تھی۔اپنے خطاب میں الیاس بانہالی نے کہا کہ بالآخر لمبی جدوجہد کے بعد بانہال میں بنکوٹ کے گوجر ناڑ علاقے کو جوڑنے والی سڑک پر ٹینڈرکے بعد تعمیرات کا کام شروع ہوا ہے اور اس طویل مدتی مانگ کو پورا کرنے کیلئے کیلئے وہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہمیت کے حامل اس رابطہ سڑک پروجیکٹ کو قریب ساڑھے پانچ کروڑ روپئے کی لاگت سے تیار کیا جارہا ہے اور یہ سڑک کم از کم اڑھائی ہزار لوگوں کو فائدہ پہنچائے گی۔