عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// الیکشن کمیشن نے پیر کو کہا کہ جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات “صحیح وقت” پر ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرنے کے لیے ایک پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے یہ بات کہی۔یہ پوچھے جانے پر کہ جموں کشمیر میں انتخابات کب ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ جموں اور کشمیر میں انتخابات اس وقت منعقد ہوں گے جب کمیشن سیکورٹی کی صورتحال اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہونے والے دیگر انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اسے “صحیح وقت” سمجھے گا ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا، “ہم سیکورٹی اور دیگر انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے صحیح وقت پر جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے بارے میںاعلان کریں گے۔الیکشن کمیشن نے میزورم، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، راجستھان اور تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔میزورم میں 7 نومبر، چھتیس گڑھ میں 7 اور 17 نومبر، مدھیہ پردیش میں 17 نومبر، راجستھان میں 23 نومبر اور تلنگانہ میں 30 نومبر کو انتخابات ہوں گے۔تمام ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔ پانچ ریاستوں میں سے چھتیس گڑھ میں دو مرحلوں میں پولنگ ہوگی۔