عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے بٹہ مالو علاقے کے مقامی لوگوں نے گزشتہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے پینے کے پانی کی قلت کے خلاف ریخ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین، جن میں زیادہ تر خواتین تھیں، چوک میں جمع ہوئے اور پینے کے پانی کی سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑک کو بلاک کر دیا۔
اسی دوران ایک احتجاجی خاتون نے کہا ، ” گزشتہ 10 دنوں سے پانی بند ہے۔ ہم پانی کے بغیر کچھ نہیں کر سکتے۔ ہمارے بچے سکول نہیں جا رہے ہیں اور یہاں تک کہ معمر لوگ بھی پانی کی عدم موجودگی میں نماز ادا نہیں کر پا رہے ہیں“۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ پینے کے پانی کی کمی سے متعلق مسائل کا انہیں بچپن سے ہی سامنا ہے۔ “یہاں کے کسی بھی علاقے میں پینے کا پانی نہیں ہے”۔
احتجاج کرنے والی خواتین نے محکمہ جل شکتی کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے کہا، “ہم یہاں کئی دنوں سے پانی کے بغیر ہیں۔ پانی کا ٹینکر بھی علاقے میں نہیں بھیجا جا رہا ہے۔ ہم صرف بلاتعطل نل کا پانی چاہتے ہیں اور کچھ نہیں”۔
احتجاج کے دوران، مظاہرین نے ایک بھی گاڑی کو ریخ چوک جنکشن سے گزرنے کی اجازت نہیں دی، جو کہ ایک اہم مقام ہے کیونکہ یہ بٹہ مالو کی متعدد اندرونی سڑکوں کو جوڑتا ہے اور ملحقہ ٹینگ پورہ بائی پاس اور پی سی آر کے ٹریفک کو آسانی فراہم کرتا ہے۔