محمد تسکین
بانہال // بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی بی صدر رویندر رینا نے رام بن اور بانہال کادورہ کیا اور پارٹی ورکروں کے بھاری اجتماعات سے خطاب کیا۔ بانہال میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے رویندر رینہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے احکامات کے مطابق بی جے پی 24 اکتوبر سے گاؤں گاؤں اور پنچایت پنچایت جاکر عام لوگوں سے ملنے اور انہیں زمینی سطح پر مودی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی عام لوگوں کو فائدہ پہنچا رہی سکیموں کے بارے میں آگاہی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکن یہ عوامی رابط مہم گھر گھر پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی تمام الیکشنوں کیلئے تیار ہے اور اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو لینا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور پی ڈی پی ڈری ہوئی ہیں اور لوگوں نے انہیں مسترد کر دیا ہے اور اب یہ ازمودہ جماعتیں گپکار الائنس بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا عوام کی طرف سے مسترد کرنے کے بعد یہ جماعتیں جو کل تک ایک دوسرے کا منہ نہیں دیکھنا چاہتی ہیں اب الائنس بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے پچھلے نوبرسوں میں وہ کارکردگی دکھائی ہے جو کبھی بھی نہیں ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جن سیاسی لیڈروں نے سابقہ حکومتوں میں ہیرا پھیری اور بدعنوانیاں کی ہیں انہیں اس کا جواب دینا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میں جو امن ، ترقی اور خوشحالی ہوئی ہے وہ نریندر مودی کی وجہ سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ایمانداری اور دینداری سے کام کر رہی ہے۔انہوں نے مقامی پارٹی لیڈروں سے مختلف امورات پر تبادلہ خیال بھی کیا اور انہیں جن ابھیان یا عوامی رابط مہم زور و شور سے چلانے کی تلقین کی ۔