مشتاق الاسلام
پلوامہ //مرکزی وزیر ڈاکٹر مہیندر ناتھ پانڈے نے اپنے دورہ پلوامہ کے دوسرے روز اتوار کو اسپائس پارک پانپور کا دودہ کیا، جہاں موصوف نے مرکزی معاونت والی مختلف اسکیموں کا جائزہ لیا۔مرکزی وزیر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ کے علاوہ جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت کشمیر تھے۔ وزیر موصوف نے اسپائس پارک پانپور میں تعمیری ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لیا جس دوران انہیں زعفران کے معیار کو برقرار رکھنے،قومی زعفران مشن کی کامیابی،زعفران کی پیداوار میں اضافے اور کشمیری زعفران کی ملک اور بیرونی ممالک میں پہنچان کیلئے جغرافیائی اعتبار جی ائی ٹیگ کو محفوظ رکھنے اور اس کی اہمیت کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔
مرکزی وزیر کو زعفران پارک میں جاری منصوبوں کا خاکہ پیش کیا گیا جس میں کشمیری زعفران کے معیار،بین الاقوامی منڈیوں میں اس کی شناخت کو برقرار رکھنے کے علاؤہ اصلی اور نقلی زعفران کی اصلیت بیان کیں۔ مرکزی وزیر کے دودہ کے دوران ایسے کسانوں کو اعزاز دیے گئے جنہوں نے مرکزی معاونت والی اسکیموں میں اپنے اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا،مرکزی وزیر نے ان صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور سپائس پارک میں موجود کسانوں کو یقین دلایا کہ مرکز جموں و کشمیر کے کسانوں کی اقتصادی ترقی کے لیے اپنا بھرپور تعاون پیش کرے گی۔