راجا ارشاد احمد
گاندربل// شالہ بگ گاندربل میں واقع خوبصورت کھیل کے میدان میں جاری ٹی 20 بلاسٹ شالہ بگ 2023 کرکٹ ٹورنامنٹ سیزن 4 دوسرے مرحلے کے آخری حصے میں داخل ہوگیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں 48 کرکٹ ٹیموں نے حصہ لیا ہے۔ اتوار کو کھیلے گئے میچ میں ایف سی سی گلاب باغ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو ٹیم کے لئے مہنگا پڑا۔
ایف سی سی گلاب باغ نے مقررہ 20 اوروں میں 7 کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے پر 145 رن بنائے. وسیم نے 22 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رن بنائے۔جواب میں مقررہ ہدف کے تعاقب میں پی ٹی ڈبلیو سٹریکر نے 17.3 آوروں میں 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 147 رن بناکر میچ میں 6 وکٹوں سے جیت لیا۔ پی ٹی ڈبلیو سٹریکر کے بلے باز خورشید احمد نے میدان کے چاروں طرف دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 66 رن بنائے. ان کا ساتھ فیضان جویا نے 20 گیندوں پر 30 رن بناکر ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا. خورشیدِ احمد کو دھواں دھار بلے بازی کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔