اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے حنمبل مرمت علاقہ میں گذشتہ شب ایک ایکو گاڑی حادثہ کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق و 5 زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ شام دس بجے کے قریب حنمبل سے شروا گاؤں کی طرف جارہی ایک ایکو گاڑی زیر نمبری JK06A-8682 شروا کے نزدیک حادثہ کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 8 افراد شدید زخمی ہوئے۔ حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو کھائی سے نکال کر گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا جہاں پر 3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے اور 5 افراد زیر علاج ہیں۔
متوفین کی شناخت منی کمار (31)ولد دیا رام، لال چند (45)ولد جمیت رام و کرن جیت (40) ولد شیب چرن کے طور پر ہوئی ہے وہیں سنجے کمار (40)،منجیت سنگھ(22)،کوشل کمار (31)،منٹو کمار(22) و سنہر لال(21) اس حادثہ میں زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ ادھر ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے مرنے والوں کے لواحقین کے لئے ریڈ کراس کے تحت فی کنبہ 50 ہزار روپے واگذار کئے ہیں اور زخمیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔