عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کل آثار شریف حضرت بل میں نماز جمعہ ادا کی۔ بخاری کی آمد پر آثار شریف کے اراکینِ انتظامیہ نے ان کا پر تپاک استقبال کیا۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد بخاری نے درگاہ میں زائرین اور عقیدت مندوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔اس موقعے پر لوگوں سے بات کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے قائد نے ان سے اپیل کی کہ وہ جموں کشمیر میں پائیدار امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔ ان کا کہنا تھا، جموں کشمیر کے لوگ ایک طویل عرصے سے انتہائی ناسازگار حالات سے دوچار ہیں اور اس عرصے میں انہوں نے وسیع پیمانے پر جانی اور مالی نقصان کا سامنا کیا۔ حتی ٰکہ آج بھی عوام کو مختلف قسم کے مسائل بشمول معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس لئے یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس خطے میں پائیدار اور دائمی امن کے قیام کیلئے کام کریں کیونکہ امن و استحکام کے نتیجے میں ہی اس خطے میں خوشحالی اور ترقی ممکن ہوسکتی ہے۔