ویب ڈیسک
جموں// پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے جمعہ کو بیک ڈور تقرریوں سے متعلق بیان پر جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر یہ سچ ہے تو انتظامیہ کو اس کی جانچ کرانی چاہیے۔
چیف سیکرٹری ارون کمار مہتا کے ریمارک پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا، “مجھے لگتا ہے کہ انہیں (چیف سکریٹری) یہ کہتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔ اگر یہ سچ ہے تو کارروائی کریں۔ وہ زیادہ بولتے ہیں اور کام کم کرتے ہیں۔ وہ پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو نوکریاں نہیں دے سکتے بلکہ اس کے بجائے لوگوں کو نوکریوں سے ہٹا رہے ہیں”۔
جمعرات کو شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، چیف سکریٹری نے کہا تھا، “مجھے یہ کہتے ہوئے شرم محسوس ہو رہی ہے کہ جموں و کشمیر میں 2.50 لاکھ سے زیادہ غیر مستحق امیدواروں کو غیر قانونی اور پچھلے دروازے سے سرکاری نوکریاں دی گئیں”۔ انہوں نے کہا تھا کہ اب سرکاری نوکریاں صرف مستحق امیدواروں کو دی جارہی ہیں۔
مفتی نے چیف سکریٹری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس طرح کی تقرریوں کے ذمہ دار افراد کا عوامی طور پر انکشاف کریں اور تحقیقات کریں۔
اُنہوں نے کہا، “اگر ایسی کوئی بات ہے تو اسے ظاہر کرنا چاہیے کہ یہ کس نے کیا ہے۔ افسران بیک ڈور تقرریوں میں ملوث ہیں۔ ای ڈی، سی بی آئی اور این آئی اے ان کے ساتھ ہیں۔ انہیں اس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے دیں“۔
مفتی نے موجودہ انتظامیہ کے دور میں بھرتی کے عمل کے بارے میں سوالات اٹھائے، خاص طور پر سب انسپکٹرز، جونیئر انجینئرز، اور محکمہ خزانہ میں اہلکاروں جیسے عہدوں پرتقرریوں کے دوران ہوئی دھاندلیوں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بعض بلیک لسٹ کمپنیاں بھرتی کی مشق میں ملوث ہیں۔ چیف سیکرٹری پہلے ہمارے سوالوں کا جواب دیں۔ ایس آئی، جے ای یا جن شکتی یا مالیاتی محکموں کی بھرتی ان کے دور میں ہوئی۔ انہوں نے بھرتی کے لیے بلیک لسٹ کمپنیاں مقرر کیں اور نوجوانوں کے مستقبل کو نقصان پہنچایا۔ وہ اب عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں “۔
پی ڈی پی سربراہ نے جل شکتی محکمہ کے ایک آئی اے ایس افسر اشوک پرمر کے الزامات کی طرف اشارہ کیا، جنہوں نے محکمہ میں 13,000 کروڑ روپے کے “گھپلے” کا دعویٰ کیا تھا۔ انہوں نے چیف سکریٹری سے ان الزامات کو براہ راست حل کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مسائل لوگوں کے اعتماد کو ختم کر رہے ہیں اور تعلیم یافتہ، بے روزگاروں کی بگڑتی حالت کو سدھارنے کے بجائے مزید بگاڑ رہے ہیں۔
محبوبہ نے کہا، “انہیں (چیف سیکرٹری) اس (گھپلوں اور بے ضابطگیوں کے الزامات) کے بارے میں بات کرنے دیں۔ یہ حکومت اوپر سے نیچے تک بدعنوانی میں ڈوبی ہوئی ہے”۔