عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کے خود مختار اداروں، کارپوریشنوں اور پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز کی گورننگ باڈی کی میٹنگوں کے انعقاد میں تاخیر کے لیے متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا کیونکہ ضمنی قوانین اور میمورنڈم آف ایسوسی ایشن (MoA) کی پابندی کا حکومت نے سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔ حال ہی میں بلائی گئی ایک اعلی سطحی میٹنگ میں چیف سکریٹری نے تمام خودمختار اداروں، کارپوریشنوں اور پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس کے انتظامی سکریٹریوں کے ساتھ ضمنی قوانین اور میمورنڈم آف ایسوسی ایشن کے نفاذ پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ کے دوران چیف سیکرٹری نے خود مختار اداروں، کارپوریشنوں اور پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز کی اکثریت کی طرف سے بائی لاز اور میمورنڈم آف ایسوسی ایشن پر عمل نہ کرنے کا نوٹس لیا اور اس کے مطابق انہوں نے متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں کو تشویش سے آگاہ کیا۔