عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// شبانہ سردی شروع ہونے کے باوجودعید میلادالنبیؐ کے موقعہ پر جموںوکشمیر کے اطراف و اکناف میںروح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیا۔یہ دن جموں کشمیر میں انتہائی عقیدت واحترام اور تزک واحتشام کیساتھ منایا گیا۔ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مساجد ،خانقاہوں وزیارت گاہوں میںدرودو اذکاراور شب خوانی کی مجالس کااہتمام کیاگیا ، جن میںہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ سب سے بڑا اجتماع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوا ،جبکہ تاریخی جامع مسجدسری نگر سمیت وادی کشمیر ،خطہ پیرپنچال ،وادی چناب اور جموں خطے کے دوسرے اضلاع میں بھی شب خوانی کی مجالس منعقد ہوئیں۔درگاہ حضرت بل میں وادی کے اطراف واکناف سے آئے عقیدت مند درودواذکار ،عبادات،قرآن خوانی اور دعائوںمیں محورہے ۔
انتظامیہ اور وقف بورڈ نے عقیدت مندوں کیلئے خاطر خواہ انتظامات کئے تھے۔اسکے علاوہ ٹرانسپورٹ محکمہ کی طرف سے بھی لوگوں کو درگاہ تک لانے اور لیجانے کا معقول بندو بست کیا گیا تھا۔تاریخی جامع مسجدسرینگر سمیت جموں کشمیر میں بیشتر مساجد میں دیر گئے تک شب خوانی کی مجالس منعقد ہوئیں۔درگاہ حضرتبل میں سردی کے باوجود لوگوں کا جم غفیر تھا۔ نماز فجر کے موقعہ پر یہاں لوگ موئے مقدسؐ کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔اس موقعہ پر خواتین کی بھی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔جناب صاحب صورہ، آثار شریف شہری کلاش پورہ، آثار شریف پنجورہ شوپیان،کعبہ مرگ،کھرم ،مکہامہ بیروہ ،تجر شریف اور اہم شریف بانڈی پورہ میں بھی شب خوانی کی گئی جس میں سینکڑوں مرد و زن شریک ہوئے۔یہا ں بھی زائرین موئے مقدس کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔