عارف بلوچ
اننت ناگ//ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کشمیروجے کمار نے منگل کو کہا کہ لشکر طیبہ کے اعلی کمانڈراذیر خان گڈول، کوکرناگ انکائونٹر میں مارے گئے جبکہ ایک اورعدم شناخت لاش فائرنگ کے مقام کے قریب پڑی تھی۔اے ڈی جی پی کمار نے گڈول آپریشن کے ساتویں دن نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اذیر خان، جو کہ مسلح تصادم کے پہلے دن ،فوج کے ایک کرنل، میجر اور ایک ڈی ایس پی کی ہلاکت میں ملوث تھا، کو مارا گیا ہے اور اس کی لاش برآمد کر لی گئی ہے،تاہم جائے وقوع پر ایک اور لاش پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا آپریشن ختم کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشن کچھ شکل میں جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا، “میں مقامی لوگوں سے گذارش کرتا ہوں کہ وہ تصادم کی جگہ کے قریب نہ جائیں کیونکہ نہ پھٹنے والے دستی بم یا گولے ان کو نقصان پہنچا سکتے ہیں”۔سیکورٹی فورسز کی کل ہلاکتوں کے بارے میں، اے ڈی جی پی نے کہا: “انکائونٹر میں ایک سپاہی کے علاوہ تین افسران، دو فوج کے اور ایک پولیس کا تھا۔”اس سے قبل ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے کہا تھا کہ سخت خطہ اور بڑے خطرے کی وجہ سے سیکورٹی فورسز گڈول میں دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیے ایک مناسب منصوبہ پر عمل کر رہی ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دیویدی نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور آپریشن کا جائزہ لیا۔ فوج اور پولیس نے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے ہیرون، ہیکسا کاپٹر، ڈرون، کواڈ کاپٹر، آر پی جی، گرینیڈ اور ڈرون سے لیس بندوقوں سمیت جدید ترین آلات پر زور دیا تھا۔ یہ آپریشن کشمیر میں سب سے بڑا آپریشن تھا کیونکہ ملی ٹینٹوں کوبے اثرکرنے میں سیکورٹی فورسز کو سات دن لگے۔ اتوار کو سیکورٹی فورسز نے جنگلاتی علاقے کی گھیرا بندی متصلہ علاقوں پوش کریری تک بڑھا دی تھی تاکہ ملی ٹینٹوں کے ممکنہ راستوں کو سیل کیا جاسکے۔فورسز نے کہا تھا کہ شہری علاقوں کو اس لئے سیل کیا گیا تاکہ ملی ٹینٹ شہری آبادی کا سہارا نہ لے سکے۔
ایل جی سنہا کا پردیپ سنگھ کو خراج عقیدت
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اننت ناگ میں انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران مہلوک سپاہی پردیپ سنگھ کو پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”میں اپنے بہادر دل کی مثالی ہمت اور قربانی کے سامنے جھکتا ہوں۔ شکر گزار قوم ان کی شہادت کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں ان کے خاندان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے‘’۔ سپاہی پردیپ سنگھ کی جسد خاکی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات کے لیے ان کے آبائی شہر روانہ کیا جائے گا۔