عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں یہاں میٹنگ ہوئی انتظامی کونسل (اے سی) نے سالار اننت ناگ میںکشمیر ریسرچ سٹیشن اور اضافی کرشی وگیان کیندروں کے قیام کیلئے500 کنال اراضی زرعی یونیورسٹی کے حق میں منتقل کرنے کی منظوری دی۔ریسرچ سٹیشن زرعی کھیتی میں پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے اور کسانوں کی معاشی بہبود کو بڑھانے کے لیے سائنسی ٹیکنالوجی فراہم کرے گا۔ ایک اور اہم پیش رفت میں، دودھ کی پروسیسنگ کے بنیادی ڈھانچے کے قیام کے لیے47 کنال 13 مرلہ اراضی چاڈورہ بڈگام میں محکمہ مویشی اور بھیڑ پالنے کے حق میں منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔میٹنگ میں کہاگیاکہ دودھ کی پروسیسنگ کے بنیادی ڈھانچے کے قیام سے کثیر جہتی فوائد حاصل ہوں گے جس میں معاشی ترقی، روزگار کی تخلیق، بہتر غذائیت، خوراک کی حفاظت اور زرعی طریقوں میں اضافہ شامل ہے۔
انتظامی کونسل کی میٹنگ میں اننت ناگ کا اپنا دیہی سیلف ایمپلائمنٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے آر ڈی ڈی کو اراضی کی منتقلی کی منظوری دی۔ انتظامی کونسل (اے سی) نے اننت ناگ کے بانگی نوگام میں 4 کنال اراضی کو دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے دیہی سیلف ایمپلائمنٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے محکمہ کے حق میں منتقل کرنے کی منظوری دی۔