عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے کوکرناگ (ضلع اننت ناگ) کے ساتھ ساتھ راجوری ضلع کے کالاکوٹ کے نرلا علاقے میں ہونے والے کل کے واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہاکہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے مزید موثر حکمت عملی اور ٹھوس اقدام کرنا چاہیے۔پریس کانفرنس میں جے کے پی سی سی کے ورکنگ پریذیڈنٹ رمن بھلا اور ترجمان اعلیٰ رویندر شرما نے شہداء کو سلام پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا لیکن افسوس کا اظہار کیا کہ پوری قوم شہداء کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے، وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے اعلیٰ عہدیدار جی-20 کامیابی کا جشن منا رہے ہیں،ہم شہیدوں کی اس توہین پر بی جے پی کی قیادت اور وزیر اعظم سے معافی طلب کرتے ہیں۔ بھلا نے کل کے واقعہ پر صدمے کا اظہار کیا جس نے حکومت کے دعوؤں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اور دعویٰ کیا کہ عسکریت پسندی مختلف حصوں اور حکومت میں اپنے بدصورت سروں کو بحال کر رہی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مزید موثر اور ٹھوس لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کب تک ہمارے فوجیوں کی بہادری اور قربانیوں کی قیمت پر لڑتے ہوئے فوج، نیم فوجی دستوں اور جموں و کشمیر پولیس کے افسروں اور جوانوں کی شہادت کو برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ راجوری اور پونچھ کے پرامن خطہ میں اب تک کئی واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں فوج/سیکورٹی کے کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور معصوم اقلیتی برادری کی جانیں گئی ہیں۔