عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//شالیمار اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پینے کے پانی کی کمی کیخلاف لوگوں نے بدھ کواحتجاج کرتے ہوئے سڑک پررکاوٹیں کھڑی کردی،جس وجہ سے ٹریفک کی آوجاہی میں خلل پڑگیا۔ادھرمحکمہ جل شکتی نے کہا ہے کہ خشک موسم کی وجہ سے ندی نالوں میں پانی کی سطح کم ہونے کی وجہ سے محکمہ کیلئے ہمہ وقت لوگوں کو پانی فراہم کرناناممکن بن گیا ہے اس لئے اب پانی کی سپلائی مختلف اوقات میں مختلف علاقوں کوفراہم کی جارہی ہے۔بدھ کو شہر کے مضافات شالیمار سمیت کئی بستیوںکے لوگوںنے احتجاج کرتے ہوئے پینے کے پانی کی فراہمی میں بہتری لانے کامطالبہ کیا۔سری نگر کے شالیمار علاقے کے مکینوں نے بدھ کو جل شکتی محکمہ کے خلاف انہیں مناسب پانی کی فراہمی میں ناکامی پر احتجاج کیا۔علاقے کی سینکڑوں خواتین نے سڑک پررکاوٹیں کھڑی کر دی جس سے علاقے میں ٹریفک جام ہو گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی نے ہمیں سڑکوں پر آکر احتجاج کرنے پر مجبور کیا۔احتجاجی خواتین کا کہنا تھا کہ ہمیں پانی کی مناسب فراہمی نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکام کی جانب سے یقین دہانیاں کروائی گئی لیکن اس سلسلے میں کچھ نہیں کیا گیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ علاقے میں پینے کے پانی کی سہولتیں بحال کریں تاکہ علاقے کے لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سری نگر اور متعلقہ محکمے کے حکام سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں اور ان کے حقیقی مطالبات کو جلد از جلد پورا کریں۔محکمہ جل شکتی کے ذرائع نے بتایاکہ آبی ذخائر جن پر محکمے کی بیشتر واٹر سپلائی اسکیموںکا دارومدار ہے ،وہاں پانی کی سطح اورمقدار اتنی کم ہوگئی ہے کہ واٹر سپلائی اسکیموں کے ذریعے پینے کے پانی کی فراہمی متاثر ہوگئی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ اب محکمہ جل شکتی نے وادی کے کئی علاقوںمیں ٹینکروںکے ذریعے پانی کی فراہمی شروع کردی ہے ،لیکن اسکے باوجود محکمہ سبھی متاثرہ علاقوں تک نہیں پہنچ پارہاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ واٹر سپلائی اسکیموںمیں درکار پانی کی سپلائی میں تقریباًپچاس فیصد تک کمی آئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اب محکمہ جل شکتی نے لوگوں کیلئے پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کٹوتی طریقہ کار اپنایاہے ،جسکے تحت مختلف علاقوںکو باری باری یاکسی مخصوص وقت پر پانی فراہم کیا جاتاہے ۔محکمہ جل شکتی کے ایک انجینئر نے بتایاکہ خشک موسمی صورتحال کے طول پکڑ جانے سے محکمہ کوسخت مشکلات درپیش ہیں اور ہمارے لئے ہمہ وقت نلوںکے ذریعے پانی کی فراہمی یا سپلائی کو برقراررکھنا مشکل نہیں بلکہ ناممکن بن گیاہے ۔انہوںنے لوگوں سے پانی کو صحیح طور پر استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ لوگ گھروںمیں نہاتے اور کپڑے وبرتن دھوتے یاصاف کرتے وقت پانی کو ضائع نہ کریں ،بلکہ بڑے برتنوں یعنی بالٹین اور ٹب وغیرہ میں اتنا پانی رکھیں ،جتنا نہانے یا دیگر کاموں کیلئے ضروری ہو۔