عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ// اپنی پارٹی نے ڈوڈہ میں زمینی سطح پر کیڈر کو مضبوط بنانے کے لئے ممبر شپ تیز کر دی ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع کمیٹی ممبران کا ایک اجلاس ڈوڈہ سٹی میں پارٹی دفتر پر منعقد ہوا۔صوبائی سیکریٹری اور انچارج ممبر شپ ڈاکٹر روہت گپتا کی کی صدارت میں منعقدہ اِس اجلاس میں ریاستی سیکریٹری مہندر پریہار اور ضلع صدر ڈوڈہ سلیم ماگرے کے علاوہ شیخ محمد شفیع، عادل صاحب اور دیگر پارٹی لیڈران بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران پارٹی پالیسی اور ایجنڈے پرغوروخوض کیا گیا۔اس بات پرزور دیاگیاکہ اپنی پارٹی کے ترقیاتی پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کیاجائے۔ اس دوران بتایاگیاکہ ضلع میں گھر گھر ممبر شپ مہم شروع کی گئی ہے اور لوگوں کی طرف سے بھر پور تعاون مل رہا ہے۔ڈاکٹر روہت گپتا نے مہندر پریہار اور ضلع صدر سلیم ماگرے کے ساتھ پارٹی کے کام کاج پر غوروخوض کیا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر گپتا نے کہاکہ پارٹی سبھی خطوں کے لوگوں کی یکساں ترقی کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے پارٹی کیڈر سے کہاکہ زمینی سطح پر پارٹی کی مضبوطی کے لئے ہرپنچایت، ہروارڈ، محلہ میں پارٹی کیڈر مضبوط بنایاجائے۔