عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//’ہندو بھگوان کرشنا‘ کا یوم پیدائش، جسے جنم اشٹمی بھی کہا جاتا ہے، جمعرات کو خطہ کشمیر میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔مندروں کو سجایا گیا، اور مقامی پنڈت عقیدت مندوں کی روایتی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر روایتی شوبا یاترا نکابھی نکالی گئی۔ والدین نے اس تہوار پر اپنی بیٹیوں کے گھر سیب، ناشپاتی اور انگور جیسے پھل بھیجے۔سرینگر شہر میں حبہ کدل علاقے میں شیتل ناتھ، گنپتیار، سومیار، باتیار اور دیگر مقامات پر مندروں کو روشنیوں اور بونٹنگز سے سجایا گیا تھا۔ رات کے وقت پوجا پاٹ کی گئی، اور مسلمان پڑوسیوں نے بھائی چارے کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے عقیدت مندوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
روایتی لباس میں ملبوس بچوں کے ایک گروپ کے ساتھ ٹنکی پورہ علاقے میں کتھلیشور مندر سے شوبا یاترا نکالی گئی اور سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان حبہ کدل، گنپتھیار، بربر شاہ، ریگل چوک، لال چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ اور جہانگیر چوک سے گزری۔مذہبی گیت گاتے ہوئے، کشمیری پنڈتوں کی ایک اچھی تعداد اس یاترا کے ساتھ تھی، جو پرامن طریقے پر اختتام پذیر ہوئی۔اس دوران پولیس کو احتیاطی تدابیر کے طور پر مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا تھا۔ہندو ویلفیئر سوسائٹی آف کشمیر کے صدر چونی لال نے اس موقع پر پوری انسانیت کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر کے لوگوں کے درمیان روایتی بھائی چارہ صدیوں پرامن طریقے سے پروان چڑھ سکتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جنم اشٹمی کے پرمسرت موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا”جنم اشٹمی کے پرمسرت موقع پر سب کو مبارکباد اور نیک خواہشات۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں کہا کہ یہ تہوار ہمیں وِکِسِٹ جموں کشمیر کے مقصد کی طرف ترغیب دے اور سب کے لیے امن اور خوشحالی کا پیغام دے۔ گاندربل میں، مسلمان پڑوسی، بزرگ اور بچے اپنے پنڈت دوستوں کے ساتھ نونر، واسکورہ اور دیگر مقامات پر تہواروں میں شامل ہوئے، جو صدیوں سے مقامی صوفیوں اور سنتوں کے ذریعے پروان چڑھنے والے خطے کی اجتماعی اور رواداری کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہیں۔