محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے سناسر علاقے میں محکمہ مال اور پولیس کے درمیان زمین کے تنازعہ کو لیکر اسوقت معاملہ بڑھ گیا جب 05 اور 06 ستمبر کی درمیانی رات پولیس سٹیشن بٹوت اور پولیس چوکی پٹنی ٹاپ سے ائیٓ پولیس اہلکاروں نے ضلع رام بن کی نیابت سناسر میں گھس کر مبینہ طور پر نائب تحصیلدار سناسر اور پٹواری سناسر کی مارپیٹ کی۔ آدھی رات کو ڈپٹی کمشنر رام بن ، اے ڈی سی رام بن اور اے سی آر رام بن سناسر پہنچے اور نائب تحصیلدار سناسر کو طبی و قانونی امداد کیلئے بٹوت ہسپتال پہنچایا۔اس واقع کے خلاف ضلع ہیڈکوارٹر رام بن میں محکمہ مال ، ڈی سی آفس اور پٹوار ایسوسی ایشن کا تمام کلرکل سٹاف بدھ کی صبح سے ہی کام چھوڑ ہڑتال پر بیٹھ گیا۔جانکار ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ سال سناسر گراؤنڈ میں محکمہ مال کی طرف سے زمین کا ایک حصہ محکمہ پولیس کو دیا گیا تھا لیکن محکمہ کی طرف سے یہ زمین محکمہ پولیس کو منتقل نہیں کی گئی تھی اور محکمہ مال کے اعلیٰ حکام نے زمین کی منتقلی کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں محکمہ مال نے پولیس کو زمین خالی کرنے کیلئے کہا اور زیر بحث زمین سے پولیس کے خیمے اور بورڈ وغیرہ ہٹا دیئے۔
ذرائع نے بتایا کہ محکمہ مال کی جانب سے متعدد نوٹسوں کے باوجود محکمہ پولیس زمین نہیں چھوڑرہاتھا۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل محکمہ مال کے حکام نے سناسر گراؤنڈ میں محکمہ پولیس کی جانب سے لگائے گئے ٹینٹ اور بورڈز کو وہاں سے ہٹا دیا اور اس کے ردعمل میں منگل کو بٹوت اور پتنی ٹاپ پولیس نے نائب تحصیلدار سناسر عبدالرشید اور پٹواری سناسر ملاپ سنگھ پر مبینہ طور ہاتھ چلایا اور انہیں نیابت سناسر میں غیر قانونی طور پر بند کردیاجبکہ نیابت سناسر کو بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا۔واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن ہربنس لعل اور اسسٹنٹ کمشنر ریونیو غیاث الدین کے ہمراہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات سناسر پہنچے اور نائب تحصیلدار سناسر کو میڈیکل چیک اپ کیلئے اپنے ساتھ لے گئے۔ ہسپتال میں داخل نائب تحصیلدار سناسر عبدالرشید نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا پولیس اہلکاروں نے انہیں اور پٹواری ملاپ سنگھ کے کپڑے پھاڑ دیئے اور ان کی مارپیٹ کی۔
اس سلسلے میں کئی بار ڈپٹی کمشنر رام بن اور اے سی آر رام بن سے فون اور واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔پٹوار ایسوسی ایشن ضلع رام بن کے صدر ہرجیت سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ڈی سی آفس اور محکمہ مال اور پٹوار ایسوسی ایشن رام بن کا تمام کلریکل اسٹاف بدھ کی صبح سے ہی ڈی سی آفس کے باہر ہڑتال پر ہیں اور انہوں نے اس واقعہ کے خلاف دفتری کام کا بائیکاٹ کیا ہے۔ ہرجیت سنگھ نے کہا کہ واقعہ کی ابتدائی رپورٹ ڈی سی رام بن کے ذریعے اعلیٰ حکام کو بھیج دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتالی ملازمین انچارج پولیس چوکی پٹنی ٹاپ اور اس واقعہ میں ملوث دیگر پولیس اہلکاروں کی معطلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر بحث زمین محکمہ مال کی ملکیت ہے ۔دریں اثناء دیر شام معلوم ہوا کہ ڈی سی رام بن کی ہدایت پر تحصیلدار بٹوت وجے کمار شرما نے متعلقہ اراضی باز یاب کرالی اور اس پر محکمہ مال کا بورڈ نصب کروایا۔