یو این آئی
جموں// پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری کے مختلف حصوں سے جو ملی ٹینٹ پناہ لینے کیلئے پاکستان چلے گئے ہیں ان کی جائیداد کو منسلک کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے ملی ٹینٹوں کی فہرست ہے جو پاکستان چلے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان ملی ٹینٹوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہیں کیونکہ یہ لوگ سرحد پار بیٹھ کر دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔ پولیس چیف نے راجوری میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ مذکورہ سرگرم جنگجووں پر کوئی رحم نہیں کیا جائے گا اور وہ واپس آنے کی کوشش کریں تو انہیں مار گرایا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی زیر قبضہ کشمیر میں مقیم دہشت گرد جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کو پھر سے فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہے۔پولیس چیف نے کہا:’ راجوری اور پونچھ رینج میں 9سے 12دہشت گرد سرگرم ہیں جن میں سے زیادہ تر غیر ملکی ہیں اور ان میں سے تین جنگجووں کو تصادم آرائیوں کے دوران ہلاک کیا گیا‘۔انہوں نے کہاکہ باقی ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کی خاطر پونچھ اور راجوری اضلاع میں یومیہ ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز لانچ کئے جاتے ہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ انہیں بھی بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ولیج ڈیفنس کمیٹیوں(وی ڈی سی) کے بارے میں دلباغ سنگھ نے کہاکہ کمیٹیوں کو مزید فعال کرنے کی خاطر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ سیکورٹی جائزہ میٹنگوں کے دوران فیصلہ لیا گیا ہے کہ اب کنٹرول لائن پر فوج کے ساتھ جموں وکشمیر پولیس کے اہلکار بھی تعینات رہیں گے تاکہ سرحد پر سیکورٹی گرڈ مزید مضبوط ہو سکے۔منشیات کے کاروبارکو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہاکہ اس پار سے منشیات کی کھیپ اس طرف بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم ڈرون کے ذریعے کی جانے والی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ سرحد کے نزدیک رہائش پذیر چند افراد جو منشیات کو اس طرف لانے کی سازش کا حصہ ہے ان کی شناخت کی جارہی ہیں اور بہت جلد انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے گا۔