اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں پولیس نے ملٹری انجینئرنگ سروس میں فرضی نوکری فراہم کرنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا اوراس میں ملوث 5افراد کو گرفتار کیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایک اہم پیش رفت کے تحت کرالہ پورہ پولیس نے بے روز گار نوجوانو ں کو ملازمت فراہم کرنے والی ایک جعلی بھرتی گروہ کاکامیابی کے ساتھ پردہ فاش کی ۔پولیس کے مطابق یکم ستمبر کو زون ریشی چوکی بل کے ایک رہائشی ممتاز احمد میر نے پولیس تھانہ کرالہ پورہ میں ایک تحریری شکایت درج کی جس میں الزام لگایا گیا کہ اس کے بیٹے محمد سمیع میر کو نوکری کی لالچ میں نذیر احمد خان ساکن ڈولی پورہ ترہگام نے رقم بٹور لی، اس وعدہ کیساتھ کہ اسے فوری طور ملٹری انجینئرنگ سروس کی نوکری فراہم کی جائے گی۔ کرالہ پورہ پولیس تھانہ میں شکایت کندہ کے الزام پر ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 76/2023درج کر کے تحقیقات شروع کی گئی ۔تفتیشی عمل کے دوران کچھ اہم گواہو ں کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے اور جعلی تقرری آرڈر بھی ضبط کئے گئے ۔پولیس نے نذیر احمد خان کو گرفتار کیا اور اس سے پوچھ تاچھ شروع کی۔ تفتیش کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ جعلی بھرتی گھو ٹالہ میں مزید کچھ ساتھی شامل ہیں اور انہو ں نے نوجوانو ں کو دھوکہ دینے کے لئے ایک مخصوص طریقہ کار استعمال میں لاکر بے روز گار نوجوانو ں کو اپنے جال میں پھنسایا ۔پولیس تفتیش کے دوران نذیر احمد خان نے اپنے مزید 4ساتھیو ں کے نام ظاہر کئے جن میں ظہور احمد ،شکیل احمد مکرو ساکن اونتی پورہ ،فیروز احمد خشو ساکن شالہ ٹینگ سرینگر اور شفقت احمد شاہ ساکن پانپور پلوامہ شامل ہیں ۔تمام ثبوتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پولیس کی خصوصی ٹیمو ں نے چارو ں افراد کو گرفتاری کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔ شکیل احمد مکرو عرف راجیو ،اپنے آپ کو با ثر کشمیری پنڈت اور رنگریٹ سرینگر میں ایم ای ایس میں ایک با اثر آفیسر کے طور پیش کرتا تھا اور اس نے ظہور احمد ،فیروزاحمد اور نذیر احمد خان کو فیلڈعملے کے طور پران سے مدد لی اور ان کو نوکری کے متلاشی نوجوانو ں سے روپے وصول کرنے کاکام سونپا ۔ دھندے میں تیکنکی ماہر شفقت احمد شاہ کو جعلی تقرری آرڈر اور دیگر دستاویزات پرنٹ کرنے کی زمہ داری تھی۔وہ رنگریٹ سرینگر میں ’ہیلپ لائن ایڈوٹائزنگ ایجنسی ‘سے کام کرتا تھا جہا ں شفقت جعلی دستاویزات تیار کرتا تھا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک اس دھندے میں شمالی کشمیر سے تعلق رکھنے والے 8نوجوانو ں سے روزگار دینے کے بہانے ٹھگ لیا گیااور ان سے25لاکھ کی رقم ناجائز طور جمع کی ۔