عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// سرور ٹول پلازہ پر ٹول وصولی کو معطل کرنے کے مطالبے پر جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن جموں میں چکہ جام ہڑتال کی کال دی ہے جس کا سڑکوں پر وسیع اثر دیکھا جا رہا ہے۔
یوا راجپوت سبھا کی کال پر جموں میں بند کے چند دن بعد ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال دی تھی۔
جموں سے کٹھوعہ لکھن پور تک شاہراہ کی خراب حالت کی وجہ سے لوگ سرور ٹول پلازہ پر ٹول وصولی کو معطل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ٹرانسپورٹ یونین کے صدر نے کہا کہ ہم پرامن احتجاج کررہے ہیں اور چکہ جام کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ اس سے قبل بھگوتی نگر میں ایک چھوٹی سی میٹنگ بلائی گئی تھی لیکن بڑی تعداد میں ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیوں کے ساتھ احتجاج کے مقام پر پہنچے اور پرامن احتجاج کو یقینی بنانے کے لیے ہم نے جموں کی سڑکوں پر ایک احتجاجی ریلی نکالی ہے اور یہ مکمل طور پر پرامن اور قانون کے تحت ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج سرور ٹول پلازہ کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ “ہم یووا راجپوت سبھا کی حالیہ ہڑتال کے دوران بھی حمایت دینے جا رہے تھے لیکن یہ فیصلہ رکشا بندھن اور امرناتھ یاترا سمیت تہواروں کو مدنظر رکھتے ہوئے موخر کر دیا گیا تھا”۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج چکہ جام کرنے کا فیصلہ ٹرانسپورٹ یونین نے دیگر تمام اتحادی یونینوں کی مشاورت سے کیا ہے۔