عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //انڈین ائر فورس نے کہا ہے کہ ہندوستانی فضائیہ چین اور پاکستان دونوں کی سرحدوں کے ساتھ شمالی سیکٹر میں ترشول نامی ایک بڑی تربیتی مشق کرنے جا رہی ہے۔ائر فورس عہدیداروں نے کہا کہ لڑاکا طیاروں کے تمام بڑے بیڑے بشمول رافیل،میراج 2000اور سکھوئی 30 ہیوی لفٹ ٹرانسپورٹ طیاروں اور ہیلی کاپٹرز بشمول چنوکس اور اپاچی کے ساتھ مشقوں میں حصہ لیں گے۔گاروڈ اسپیشل فورسز بھی ان مشقوں کا حصہ ہیں جہاں لداخ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور پنجاب سمیت شمالی سیکٹر میں 4 سے 14 ستمبر تک ہونے والی مشق میں فضائی طاقت کے تمام عناصر کو استعمال کرنے کا امکان ہے۔ہندوستانی فضائیہ بھی 9 اور 10 ستمبر کو ہونے والے G-20 سربراہی اجلاس کے لئے اپنے تمام اثاثوں کو ہائی الرٹ پر رکھے ہوئے ہے جہاں تمام بڑے عالمی رہنما قومی دارالحکومت میں ہونے والے ہیں۔