جموں//اپنی پارٹی کا سمارٹ میٹروں کی تنصیب اور سروڑ میں ٹول پلازہ کیخلاف احتجاج جاری ہے۔ بدھ کے روز سنیئرلیڈر اور صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ کی قیادت میں پارٹی کارکنان نے بڑی برہمناں میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ وارڈ نمبر3 بڑی برہمناں سے احتجاج پٹھانکوٹ کی طرف جانے والی قومی شاہراہ کی طرف گیا۔ مظاہرین نے جموں میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب اور جموں پٹھانکوٹ قومی شاہراہ پر ضلع سانبہ میں سروڑ کے مقام پر ٹول پلازہ قائم کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے انتظامیہ کیخلاف زبردست نعرے بازی کی۔منجیت سنگھ نے مذکورہ دو معاملات پر انتظامیہ کی ہٹ دھرمی پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہاکہ سروڑ ٹول پلازہ کا قیام نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے قواعد کی خلاف ورزی میں قائم کیاگیاہے.انہوں نے کہاکہ مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نتن گڈکری نے بھی یہ بات کہی ہے کہ قومی شاہرائوں پر 60کلومیٹر کے اندر کوئی ٹول پلازہ نہیں ہونا چاہئے، لہٰذا سروڑ ٹول پلازہ کا قیام انتظامیہ پر کئی سوال کھڑے کرتا ہے، یہ غیر قانونی ہے اور قواعد وضوابط کی دھجیاں اْڑاتے ہوئے اِس کا قیام عمل میں لایاگیاہے۔منجیت سنگھ نے خطہ جموں میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے بعد صارفین کو بہت زیادہ بجلی بل آرہے ہیں۔ لہٰذا فوری طور پر میٹروں کی تنصیب بند کرنی چاہئے۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے گذارش کی کہ زمینی سطح پر لوگوں میں پائے جارہے غم وغصے کو دیکھ کر ٹول پلازہ ہٹائیں اور سمارٹ میٹروں کی تنصیب کا عمل بند کیاجائے۔