عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //بھارتی خلائی مشن’ اسرو ‘نے آدتیہL1 مشن کے بارے میں کہا کہ لانچ کی مشق اور راکٹ کی اندرونی جانچ مکمل ہو گئی ہے۔ یہ مشن 2 ستمبرصبح 11.50 بجے سری ہری کوٹا خلائی اڈے سے لانچ کیا جانا ہے۔ آدتیہL1 خلائی جہاز کو شمسی ہوا کے حالات کے مشاہدے کے لئے بنایا گیا ہے، جو زمین سے تقریباً1.5 ملین کلومیٹر دور ہے۔یہ سورج کے مشاہدات کیلئے پہلا وقف شدہ ہندوستانی خلائی مشن ہوگا جسے بنگلور کے صدر دفتر والی خلائی ایجنسی کے ذریعے لانچ کیا جائے گا۔خلائی جہاز آدتیہL1 ، سورج کا مطالعہ کرنے والی پہلی خلائی پر مبنی ہندوستانی رسد گاہ PSLV-C57 راکٹ کے ذریعے لانچ کی جائے گی۔اسرونے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا’’لانچ کی تیاریاں آگے بڑھ رہی ہیں،لانچ ریہرسل، گاڑیوں کی اندرونی جانچ مکمل ہو گئی ہے‘‘۔ آدتیہL1 مشن، جس کا مقصد L1 کے گرد مدار سے سورج کا مطالعہ کرنا ہے، مختلف ویو بینڈز میں فوٹو فیر، کروموسفیئر اور سورج کی سب سے بیرونی تہوں، کورونا کا مشاہدہ کرنے کے لیے سات پے لوڈ لے کر جائے گا۔اسرو نے بتایاہے کہ آدتیہL1 قومی اداروں کی شراکت کے ساتھ مکمل طور پر مقامی کوشش ہے۔ انٹر یونیورسٹی سنٹر برائے فلکیات اور فلکی طبیعیات، پونے نے اس مشن کے لیے سولر الٹرا وائلٹ امیجر پے لوڈ تیار کیا ہے۔