عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کو کہا کہ آئی پی سی، سی آر پی سی اور ایویڈینس ایکٹ کو تبدیل کرنے کیلئے مرکز کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے تین بل اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی کیس دو سال سے زیادہ نہیں چل سکے گا، جس کے نتیجے میں “70 فیصدوقت اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی توانائی کو بچایا جائیگا۔شاہ 26ویں مغربی زونل کونسل کی میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے ۔شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کے ذریعہ حال ہی میں پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے تین نئے بلوں کی منظوری کے بعد، کوئی بھی معاملہ دو سال سے زیادہ جاری نہیں رہ سکتا، جس سے اس کے نتیجے میں 70 فیصد منفی توانائی کا خاتمہ ہوگا۔
شاہ نے کہا، “تمام ریاستوں کو ان قوانین کے نفاذ کیلئے ضروری بنیادی ڈھانچہ اور صلاحیت پیدا کرنے کیلئے کام کرنا چاہیے‘‘۔بی جے پی زیرقیادت مرکز نے ان تین نئے بلوں کو پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں انڈین پینل کوڈ(آئی پی سی)، ضابطہ فوجداری پروسیجر (سی آر پی سی)اور انڈین ایویڈینس ایکٹ کو تبدیل کرنے کے لیے پیش کیا۔شاہ نے مختلف ریاستوں سے کہا کہ وہ ریاستوں کے درمیان سماجی اور اقتصادی ترقی کے اہم مسائل پر ایک مربوط نقطہ نظر تیار کرنے میں مدد کریں۔شاہ نے زونل کونسل سے کہا کہ وہ قومی اہمیت کے تین مسائل پر حساس طریقے سے کام کریں، یعنی پوشن ابھیان، اسکول چھوڑنے والے بچوں کی شرح کو کم کرنا، اور آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کا فائدہ غریبوں تک پہنچانا شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ نو سالوں میں، اپنی دور اندیشی کے ساتھ، وزیر اعظم نریندر مودی نے نہ صرف ہندوستان کے خلائی شعبے کو ایک نئی سمت دی ہے بلکہ ملک کو خلا ء کے میدان میں دنیا میں سب سے آگے لے جانے کے لیے 2030 تک ایک وقتی پروگرام اور فریم ورک بنایا ہے۔