عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//درگاہ حضرتبل کے سابق امام مولانا سعید احمد فاروقی پیر کو67سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ درگاہ حضرت بل کے صحن میں نماز عشاء کے بعد ادا کی گئی جس میں سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ انکے فرزند اور اسلامی اسکالر فیضان فاروقی نے پڑھائی اور بعد میں انہیں اپنے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔مولانا سعید فاروقی، حضرتبل کے سابق امام مولوی بشیر احمد فاروقی کے برادر اصغر تھے،اور2015میں انکی وفات کے بعد درگاہ حضرت بل میں ا مام کا منصب سنبھالا تھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق کوویڈ کے نتیجے میں عائد پابندیوں کے دوران مرحوم نے امامت سے کنارہ کشی اختیار کی اوروقف بورڈ اور مقامی لوگوں کی استدعا کے باوجود انہوں نے خرابی صحت کی بدولت دوبارہ امامت کے فرائض انجام نہیں دیئے۔
بعد ازاں مرحوم کے برادر مولوی کمال فاروقی نے یہ منصب سنبھالا۔ مولانا سعید احمد فاروقی اسلامی دانشور،مبلغ دین ،خطیب اور امام تھے،جنہوں نے با ضابطہ طور پر اسلامی تعلیم حاصل کی تھی۔مرحوم عمر بھر اسلام کے آفاقی پیغام کو توحید پسندوں تک پہنچانے میں مصروف رہے۔مرحوم ہمدردی کے مینار تھے۔ انہوں نے مختلف عقائد کے لوگوں کے درمیان اتحاد، افہام و تفہیم، آپسی میل ملاپ اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کیا۔عام لوگوں کی ان کے ساتھ کافی وابستگی رہی اور انہیں لوگ عزت و احترام کی نگاہوں سے دیکھتے تھے۔ مولاناسعید احمدکے انتقال پر جموں کشمیر کی مذہبی،سماجی،فلاحی،اصلاحی اور سیاسی جماعتوں نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کو پُر کرنا مشکل ہے۔