کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی سب ڈویژن چھاترو میں قایم مڈل سکول لوہیدھار کی نئی عمارت تیرہ سال سے مکمل نہ ہوسکی جسکے سبب سکولی طلبہ کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔۔ تفصیلات کے مطابق لوہیدھار علاقے میں قائم مڈل سکول جسکی عمارت سال 2010 میں شروع ہوئی تھی، آج تک مکمل نہ ہوسکی جسکے سبب بچوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سکول میں اسوقت پانچ اساتذہ تعینات ہیں جبکہ ہیڈماسٹر کی اسامی خالی پڑی ہوئی ہے اورسکول کا کام پرانی عمارت میں چل رہاہے۔
لوگوںکے مطابق اگرچہ نئی عمارت کی تعمیر کا کام سال 2010میں شروع ہوا لیکن نامعلوم وجوہات کے سبب آج تک مکمل نہ ہوسکا حالانکہ ابھی تک 18لاکھ کی رقم خرچ کی جاچکی ہے لیکن باجود اسکے عمارت مکمل نہ ہوسکی۔ مقامی شخص معراج الدین نے بتایا کہ پرانی عمارت کی حالت خستہ ہے جبکہ دو کمروں میں 60بچوں کو تعلیم دی جارہی ہے،سکول میں بیت الخلاء کی حالت انتہائی ابتر بنی ہوئی ہے جسے بچوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں،انتظامیہ کو اسطرف فوری توجہ دینی چاہئے تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہوسکے۔