سرینگر//شہرخاص کے صفاکدل سے عید گاہ تک کے حصے میں سنڈے مارکیٹ قائم کرنے کے امکانات کاجائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر سرینگر اعجازاسد نے شہر کے متعددعلاقوں کادورہ کیا۔ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر،ایس پی ٹریفک ،چیف پلاننگ افسر،سیکریٹری ایس ایم سی اور دیگرحکام تھے۔ا س موقعہ پرشہرخاص ٹریڈرس ایسوسی ایشن نے ڈپٹی کمشنر کاخیرمقدم کیااورعید گاہ کے نزدیک مجوزہ سنڈے مارکیٹ قائم کرنے کیلئے ان کے ہمراہ گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے مجوزہ سنڈے مارکیٹ سکہ ڈافر سے عیدگاہ تک قائم کرنے کیلئے موقعہ پرہی کئی ہدایات محکموں کوجاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے سرینگرمیونسپل کارپوریشن کو اس سلسلے میں ضروری اقدام جیسے جھاڑیوں کوہٹانا،گرلوں کی صفائی،سینی ٹیشن اور کوڑے کرکٹ کوہٹانے کی ہدایت دی۔انہیں گندرپورہ عیدگاہ بائی لین پرمیکڈم بچھانے اور نکاسی آب سے متعلق مسائل کودور کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعمیرات عامہ کومجوزہ سنڈے مارکیٹ کے علاقہ میں سڑکوں پرمیکڈم بچھانے کاکام شروع کرنے کاحکم دیا۔انہیں سکہ ڈافر میں عید گاہ جانے کیلئے گیٹ وے کی تعمیر کومکمل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے سکہ ڈافر عالی مسجد کی فٹ پاتھوں پرٹایلیں بچھانے کے کام میں سرعت لانے کابھی حکم دیا۔تحصیلدار عیدگاہ کوسکہ دافر چوک سے کوڑاکرکٹ ہٹانے اور صفائی ستھرائی کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقعہ پر کہا کہ علاقہ میں سنڈے مارکیٹ قائم کرنازیرغور ہے تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوںْ۔مابعدڈپٹی کمشنر نے بہوری کدل کادورہ کیا۔اس موقعہ پرتاجروں اور مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کو علاقہ کی ترقی سے متعلق جانکاری دی ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کے سامنے اپنے مطالبات بھی رکھے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ فائراینڈایمرجنسی سروس کو شہرخاص کے گنجان علاقے میں فائرسٹیشن قائم کرنے ،جس کی مقامی لوگوں نے مانگ کی،کیلئے جگہ کھوجنے کی بھی ہدایت دی۔