ٹی ای این
سرینگر//براعظم ایشیاء کی دوسری سب سے بڑی میوہ منڈی سوپور کے بیوپاریوں اور گروروس کی انجمن دی کشمیر فروٹ گروروس اینڈ ڈیلرس ایسوسی ایشن کے انتخابات آج یعنی سنیچر26اگست کو منعقد ہوںگے جس میں دو امیدواروں کے درمیان صدارتی عہدے کیلئے کانٹے کی ٹکر متوقع ہے ۔ سوپور فروٹ منڈی کے بیوپاریوں اورباغ مالکان کی نمائندہ تنظیم کے صدارتی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔الیکشن بورڑ کے ایک ممبر نے بتایا کہ سوپور منڈی میں ایسوسی ایشن سے وابستہ941ممبران ہیں جو کہ صدارتی عہدے کیلئے ووٹ ڈالنے کا حق رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سوپور منڈی کی یہ نمائندہ تنظیم وادی کشمیر کے میوہ بیوپاریوں کی سب سے بڑی تنظیم ہے اور ہمارے ممبران ہی آل کشمیر فروٹ گروروس یونین میں زیادہ نمائندگی رکھتے ہیں ۔سنیچر کو سوپور فروٹ منڈی میں جن دو امیدواروں کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے ،ان میں سابق صدر فیاض احمد ملک عرف کاکا جی اور مشتاق احمد تانترے شامل ہیں ۔معلوم ہوا ہے کہ دونوں امیدواروں کے پاس سوپور منڈی اور مجموعی طور پر میوہ صنعت سے متعلق کافی تجربہ ہے اور عام ممبران کا ان دونوں امیدواروں پر کافی بھروسہ ہے ۔الیکشن بورڑ ممبر کے مطابق آئین کی رو سے ہر5برس کے بعد منڈی ایسوسی ایشن کے صدارتی انتخابات منعقد کئے جاتے ہیں اور گذشتہ 5برسوں سے فیاض احمد ملک عرف کاکا جی نے ایسوسی ایشن کے امور کو انجام دیاہے ۔الیکشن بورڑ جس کے چیئرمین ظہور احمد تانترے اور سیکرٹری غلام محی الدین وار ہیں ،نے23اگست کو انتخابی نوٹفکیشن جاری کی ۔نوٹفکیشن کی رو سے سنیچر صبح7بجے سے شام4بجے تک ممبران اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔4.15بجے ووٹوں کی گنتی عمل میں لائی جائے گی اور اسی کے ساتھ نو منتخب صدر کے نام کا اعلان کیا جائے گا ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سوپور فروٹ منڈی کو ایشیاء کی دوسری سب سے بڑی میوہ منڈی مانی جاتی ہے اور یہاں سے کشمیر ی میوہ صنعت کا بیشتر حصے کا کاروبار ہوتا ہے ۔