اشتیاق ملک
ڈوڈہ //بھاجپا نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ کا مین گیٹ بند رکھنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جی ایم سی انتظامیہ کو ہدف تنقید بنایاہے۔ ڈوڈہ میں منعقد ایک پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی کے ترجمان ایڈووکیٹ رمن پردیپ نے اپنے دیگر ساتھیوں کی موجودگی میں میڈیا کو بتایا کہ جی ایم سی کا مین گیٹ پچھلے 4 ہفتوں سے بند رکھا گیا ہے جس کے نتیجے میں مریضوں، تیمارداروں و عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جی ایم سی انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے گورنمنٹ میڈیکل کالج کے احاطے میں کمرشل گاڑیوں کی ناجائز پارکنگ کی جاتی ہے اور رات کے وقت روشنی کا بھی معقول انتظام نہیں ہے۔صفائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی و ستھرائی کی بھی کمی دیکھنے کو مل رہی ہے لیکن اس کے لئے جی ایم سی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مریضوں و تیمارداروں کو بھی اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ عوام کا سرمایہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال کے مشرقی حصے میں کوڑا کرکٹ ڈالا جارہا ہے جس سے مچھر پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ کتے بھی گھومتے رہتے ہیں اور کئی بیماریاں پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ رات کے وقت روشنی کا معقول انتظام نہیں ہے جس کی وجہ سے آوارہ گرد کتوں کا دورہ عام رہتا ہے اور مریض و تیماردار ہسپتال سے باہر نکلنے میں خطرہ محسوس کرتے ہیں۔انہوں کہا کہ ہسپتال کو جانے والی سڑک پر گہرے کھڈے بن گئے ہیں اور ان کی بھی مرمت نہیں کی گئی ہے۔بی جے پی ترجمان نے مزید کہا کہ ہسپتال کے اندر اور بھی مافیا کام کر رہے ہیں جنہیں وہ بے نقاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ان معاملات کو لے کر سپرنٹنڈنٹ و پرنسپل سے بھی ملاقات کی تھی لیکن ابھی تک کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر پیر تک مین گیٹ کو نہیں کھولا گیا تو بھاجپا ہسپتال انتظامیہ کے خلاف سڑکوں پر اترے گی۔