عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سڑک کی خستہ حالی اور یہاں سے اُٹھنے والے گردوغبار کی وجہ سے درپیش مشکلات کولیکر خمینی چوک بمنہ میں منگل کو احتجاجی ہڑتال رہی جبکہ اس دوران اسکولی طلباء وطالبات نے متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی کیخلاف پُلے کارڈ اُٹھا کر اپنی سخت ناراضگی کااظہار کیا ۔سرینگر بڈگام روڑ پر واقع خمینی چوک میں منگل کو صبح سے ہی تمام دکانات بند رہے اور یہاں ہڑتال کا سما ں رہا ،کیونکہ یہاں کی آبادی ایک سال سے خستہ حالت میں پڑی سڑک سے اُٹھنے والے گردوغبار سے تنگ آچکے ہیں ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ ایک سال قبل اس روڑ کی مرمت اور تجدید کاکام مکمل کیاگیا اور سڑک کے کنارے ڈرین تعمیر کرنے کاکام بھی مکمل ہوگیا،تاہم اسکے بعد کام روک دیاگیا ،اور تب سے اس سڑک کی مرمت یعنی اس پر تارکول بچھانے کاکام التواء میں ڈال دیاگیا۔انہوںنے کہاکہ غارپورہ سے خمینی چوک تک کی سڑک محض ایک کلومیٹر سے بھی کم ہے ،لیکن اس پر تارکول ڈالنے میں متعلقہ محکمہ نے آج تک کوئی دلچسپی نہیں لی جبکہ بقول لوگوںکے وہ متعلقہ حکام کو یادکراتے تھک گئے ۔
اس دوران مختلف اسکولوں کے وردی پوش طلباء و طالبات ہاتھوں میں پُلے کارڈس اُٹھائے ،خمینی چوک میں جمع ہوئے ،اورانہوںنے سڑک کی خستہ حالی کو لیکر اپنا احتجاج درج کرایا۔طلباء وطالبات کاکہناتھاکہ اسکول آتے اورواپس گھر جاتے وقت اُنکو گردوغبار کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوںنے بتایاکہ سڑک سے اُٹھنے والے گردوغبار کی وجہ سے نہ صرف ہماری وردیاں خراب ہو جاتی ہیں ،بلکہ اگر ہم اپنے منہ ڈھانپ کرنہ چلیں تویقینا بیمار پڑجانے کا خطرہ رہتا ہے ۔طلبہ کا حکام سے مطالبہ تھاکہ غار پورہ سے خمینی چو ک تک خستہ حالت میں پڑی سڑک پر بلا تاخیر تارکول ڈالا جائے تاکہ اُن کو اورمقامی آبادی کو گردوغبار سے نجات مل سکے ۔اس دورا ن مقامی لوگوںنے بتایاکہ سڑک کی تعمیروتجدیدکی ذمہ داری سٹی روڈس ڈویژن کی ہے ،لیکن اس محکمے کے انجینئر کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں ،جسکے باعث مقامی آبادی کی زندگیاں اجیرن بن چکی ہیں ۔احتجاج میں شامل دکانداروںنے کہاکہ گاڑیاں چلتے وقت یا تیز ہوا چلتے ہی سڑک سے اُٹھنے والاگردوغبار دکانات کے اندر چلاجاتا ہے ،جسکی وجہ سے سامان خراب ہو جاتاہے اور ہم گردوغبار سے لپٹے کھانے پینے کے سامان کو بعدازاں کوڑے دان میں پھینک دیتے ہیں ۔دریں اثنا سری نگر میونسپل کارپویشن (ایس ایم سی) میئر جنید عظیم متو نے ٹویٹ کرکے کہا: ‘بمنہ – خمینی چوک تک سڑک کا کام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ بدقسمتی سے وقفہ سائٹ پر تکنیکی مسائل کی وجہ سے ہوا، جس سے ہم حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں’۔انہوں نے ٹویٹ میں مزید کہا: ‘ میں نے بڈگام ضلعی انتظامیہ سے بھی درخواست کی ہے کہ اس مخصوص راستے پر بھاری ٹریفک اور ٹرکوں کو جانے کی اجازت نہ دی جائے’۔