عظمیٰ نیوز سروس
جموں// یووا راجپوت سبھا نے پیر کے روز جموں-پٹھانکوٹ شاہراہ پر سانبہ ضلع کے سرو پلازہ میں ٹول ٹیکس وصولی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ جیسے ہی مظاہرین ٹول پلازہ پر جمع ہونا شروع ہوئے، کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے پولیس کی ایک نفری، اور نیم فوجی اہلکاروں کو سرور میں تعینات کیا گیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی احتجاج میں شدت آتی گئی، کچھ مظاہرین نے مبینہ طور پر ٹول وصولی بوتھ پر پتھراؤ کیا جس سے کھڑکیوں کو نقصان پہنچا۔ تاہم پولیس اور سول انتظامیہ نے مداخلت کرکے صورتحال کو ختم کرنے کی کوشش کی۔ سول انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین ہائی وے کے کنارے بیٹھ گئے اور ٹریفک کی آزادانہ آمدورفت کی اجازت دی تاہم مظاہرین کے مختلف مقامات سے جمع ہونے کے بعد کچھ دیر تک یہ سلسلہ متاثر رہا۔ مظاہرین نے کہا کہ انہوں نے حکام کو دو دن کا الٹی میٹم دیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دو دن کے اندر سرور ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس وصولی بند کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔ تاہم پولیس نے کہا ہے کہ وہ احتجاج کے دوران پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کریں گے۔ مظاہرین کا کہنا ہے،”شاہراہ انتہائی خراب حالت میں ہے کیونکہ یہ مختلف جگہوں پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور روزانہ گھنٹوں ٹریفک جام رہتا ہے۔جب تک شاہراہ مکمل طور پر تعمیر نہیں ہو جاتی، ٹول ٹیکس کو واپس لیا جانا چاہیے اور اس کے مطابق متعلقہ حکام کو اس معاملے پر حکم جاری کیا جانا چاہیے”۔