سید امجد شاہ
جموں// جموں اور سانبہ اضلاع میں ڈینگی کے 13 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں ایک بچہ اور چھ خواتین شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا، “جموں میں ڈینگی کے 13 کیسز جی ایم سی جموں اور ایس ایم جی ایس ہسپتال میں 112 لوگوں کی جانچ کے بعد ریکارڈ کیے گئے ہیں”۔ اُنہوں نے بتایا کہ ڈینگی کے ان 13 تازہ کیسز میں سے ایک لڑکا، چھ مرد، چھ خواتین شامل ہیں۔ اب تک، صحت کے حکام نے اکیلے جموں ضلع میں ڈینگی کے 83 کیسز کا پتہ لگایا ہے جس میں 12 نئے کیسز، اور ایک کیس سانبہ ضلع میں شامل ہے۔ مجموعی طور پر، جموں و کشمیر میں آج تک ڈینگی کے 113 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں، حالانکہ جموں ضلع میں سب سے زیادہ کیسز ہیں یعنی 83، اس کے بعد کٹھوعہ ضلع میں ڈینگی کے 10، اور پانچ سانبہ ضلع میں رپورٹ کئے گئے ہیں۔ دریں اثنا، اودھم پور ضلع کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر سے ڈینگی کے چار کیسز پائے گئے۔ جبکہ ریاسی ضلع میں ڈینگی کے 3 کیسز ہیں، دو پونچھ میں، اور ایک باہر کا ہے۔