عظمیٰ نیوز سروس
جموں// پڑوسی ریاست کی پولیس کی طرف سے الرٹ جاری کیے جانے کے بعد کٹھوعہ ضلع میں پنجاب کے ساتھ سرحد پر حفاظتی انتظامات کو بڑھا دیا گیا ہے۔گوکہ پولیس اس معاملے پر سخت چپ رہی تاہم ذرائع نے بتایا’’کٹھوعہ پولیس کو پنجاب پولیس سے ایک مواصلت موصول ہوئی ہے کہ وہ کٹھوعہ ضلع کے قریب واقع ان کے علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف اپنے طے شدہ شکار کے بارے میں ہے‘‘۔اس مواصلت کے بعد کٹھوعہ پولیس نے پنجاب کی سرحد کے قریب واقع تمام علاقوں میں ناکہ چیکنگ کو الرٹ کردیا ہے اور مختلف مقامات پر پولیس ٹیموں کی تعیناتی کے ساتھ اپنی چوکسی بڑھا دی ہے۔ذرائع نے بتایا”پنجاب سے کٹھوعہ میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی جانچ کی جا رہی ہے، ان کے رجسٹریشن نمبر نوٹ کیے گئے ہیں، اور مسافروں / ڈرائیوروں کے شناختی کارڈ بھی چیک کیے جا رہے ہیں” ۔لکھن پور، راج باغ اور کٹھوعہ کے ساتھ ساتھ ناکوں کو مضبوط کیا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی منشیات فروش پنجاب سے اس طرف فرار نہ ہو سکے۔