محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کی سب ڈویژن بانہال سے محض چھ کلومیٹر دور چملواس کی دو پنچایتوں میں عوام کو گونا گوں مشکلات کا سامنا ہے اور پنچایتی نمائندوں کی عدم توجہی کی وجہ بنیادی سہولیات کی کمی ہے اور تعمیر وترقی کے کام نا کے برابر ہو رہے ہیں۔ سب ڈویژن بانہال میں چملواس۔ نیل رابطہ سڑک پر پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے جاری کام کے معیار پر لوگوں نے اپنی برہمی کا اظہار کیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ قریب آٹھ کروڑ روپئے کی لاگت سے نیل چملواس کے نو کلومیٹر کے حصے پر کئے جارہے تعمیراتی کام میں غیر معیاری میٹریل استعمال کیا جارہاہے ہے اور وضع کئے گئے ٹینڈروں کے مطابق کام کو انجام نہیں دیا جا رہا ہے۔مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ چملواس۔ نیل رابط سڑک اگرچہ پچھلی چار دہائیوں سے محکمہ تعمیرات عامہ کیلئے سونے کی کان بنی ہوئی تھی تاہم اب اس سڑک کے نو کلومیٹر کے حصے پر پی ایم جی ایس وائی کی طرف میکڈم بچھانے کیلئے گزشتہ سال دسمبر میں ٹینڈر کیا گیا تھا لیکن آٹھ مہینے کا عرصہ گزر جانے کے باوجود کام کو من مرضی سے انجام دیا جارہا ہے اور جس ٹھیکیدار کو کام الاٹ کیا گیا ہے اور اس ٹھیکیدار نے یہ کام آگے کچھ لوگوں میں بانٹ دیا ہے جس کی وجہ سے کام کا معیار بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔پی ایم جی ایس وائی کی ٹینڈر نوٹیفکیشن کے مطابق اس سڑک کی تعمیر پر 8 کروڑ 80 لاکھ 84 ہزار روپئے کی رقم اور اس کی مرمت کیلئے 94 لاکھ 51 ہزار روپئے کی رقم خرچ کی جارہی ہے۔ لوگوں کا کہناہے کہ یہ سڑک چملواس ، زنچوس ، لیورا ، گگڑناگ اور نیل کے تیس ہزار سے زائد لوگوں کیلئے رسل و رسائل کی واحد سڑک ہے اور پی ایم جی ایس وائی کے ملازمین اور ٹھیکیدار اس سڑک کی دیواروں ، پانی کی نکاسی کیلئے نالیوں اور میکڈم بچھانے سے پہلے کام میں غیر معیاری میٹریل استعمال کر رہے ہیں اور کام ٹینڈروں کے منافی ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی پنچایتی نمائندے محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور ٹھیکیداروں سے مبینہ پر کمیشن لیتے ہیں اور انہیں کام کو من مرضی سے انجام دینے کی چھوٹ دی گئی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ چملواس کی پوری عوام اس غیر معیاری کام کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے لیکن مقامی پنچایتی نمائندے محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور ٹھیکیداروں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پنچایتی نمائندوں کو جاری کام سے مبینہ طور پر خرچہ دیا جاتا ہے اور اس لئے ان کی زبان اور آنکھیں بند ہیں اور عوام کو درپیش مشکلات کا پنچایتی نمائندوں کو کوئی اندازہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیدار رات کے اوقات میں کام کرتے ہیں اور مٹی ، ٹنلوں سے نکلا ملبہ اور پتھر دیواروں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ نیل۔ چملواس رابطہ سڑک کے بارے میں بات کرنے پر ا یگزیکٹیو انجینئر پی ایم جی ایس وائی بانہال رمیش کمار نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ وہ جاری کام کی از خود نگرانی کر رہے ہیں اور کام کے معیار میں کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ رات کے اوقات میں جاری کام کی نگرانی مقامی جونیئر انجینئر کر رہا ہے اور رات میں کئے جانے والا کام ٹریفک جامنگ سے عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر کیا جارہا ہے۔