عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے اہل خانہ نے یوم آزادی کے موقعہ پر گھروں پرترنگا لہرایا اور قو م سے بھی ترنگا لہرانے کی اپیل کی۔ضلع کشتواڑ میں سب سے زیادہ عرصے سے سرگرم ملی ٹینٹ جہانگیر سروڑی کے گھروالوں نے ترنگا لہرایا۔جہانگیر کے بیٹے عدنان عادل نے اپنے والد سے گھر واپس آنے کی اپیل کی ۔انہوںنے بتایا ’’ میں اپنے والد کو بہت یاد کرتاہو اور وہ جلد واپس گھر آئے، میں ویٹرنری ڈاکٹر بننا چاہتا ہوں‘‘۔۔ محمد امین عرف جہانگیر سروڑیA++ کٹیگری ملی ٹینٹ ہے جو گزشتہ پچیس برسوںسے ضلع کشتواڑ میں سرگرم ہے اور اس پر لاکھوں روپے کا انعام رکھا گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ جہانگیر مڑواہ ، دچھن و پاڈر کے بالائی علاقہ جات میں سرگرم ہے۔ادھرمدثر کے گھر والوں نے بھی اپنے گھر پر ترنگالہرایااور اپنے بیٹے سے گھر واپس آنے کی اپیل کی۔2018سے ضلع کشتواڑمیں سرگرم A++کٹیگری کے ملی ٹینٹ مدثر حسین عرف مدثر ولد طارق حسین ساکنہ ٹنڈر دچھن کے سرپر 20لاکھ روپے کا انعام رکھا گیا ہے۔
والدین نے یوم آزادی کے موقعہ پر اپنے گھر ٹنڈر میں ترنگالہرایا ۔اس موقعہ پر مدثر کی والدہ پروینہ بیگم نے کہا ’’ ہم چاہتے تھے کہ وہ واپس گھر آئے اورسرینڈر کرے۔سرکار وپولیس اسے واپس لائے۔ہم نے بہت کوشش کی تھی لیکن ہمیں اسکے بارے میں کچھ بھی پتہ نہ چل سکا‘‘۔مدثر کے والد طارق حسین نے بتایا کہ ’’ہم نے اپنے گھر پر ترنگا لہرایا اور میں پوری قوم کو دعوت دیتا ہوں کہ ہر گھر پر ترنگا ہونا چاہئے۔مدثر غلط راستے پر ہے اور غلط اشاروں پر چلتا ہے ‘‘۔ مدثر کے والد نے بتایا کہ 2018میں بارہویں جماعت کا امتحان پاس کرنے کے بعدمیںنے اُ سے پلمبر کی ٹرائننگ کیلئے کشتواڑ بھیجاتھا لیکن وہ اسکے بعدگھر واپس نہ آیا ۔ہم نے اسے ڈھونڈنے کی بڑی کوشش کی لیکن ہمیں اسکے بارے میں کچھ پتا نہ چل سکا،ہم سرکار سے التجا کرتے ہیںکہ اسے ڈھونڈکر واپس لائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔