اظہر حسین
کولگام //پوری وادی کے ساتھ ساتھ ضلع کولگام میں بھی سیب اتارنے کا موسم شروع ہوچکا ہے۔ لوگ سیبوں کے چند اقسام اْتارنے میں مصروف ہیںاوردوسری جانب کولگام کی فروٹ منڈی میں بھی جوق در جوق سیب کی پیٹیاں ضلع کے اطراف و اکناف سے پہنچ رہی ہیں ایک نئی امید کے ساتھ کولگام میں قائم فروٹ منڈی نے کام کرنا شروع کیا ہے۔ اگرچہ پچھلے سال باغ مالکان کے مطابق انہیں نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔ تاہم اس سال باغ مالکان کو اس کی بھر پائی ہونے کی امید ہے۔منڈی کی ایسوسی ایشن کے ذمہ داروں نے کہا کہ سیب کی فصل کم اور طلب زیادہ ہونے کی وجہ سے منڈی میں پچھلے سال کے مقابلے میں اچھی ریٹ کی امید ہے۔ بیوپاریوں نے بھی سیب کا معیار اچھا ہونے کی صورت میں اچھی خاصی قیمت آنے کی امید ظاہر کی۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ عناصر سوشل میڈیا پر منڈی کی غلط خبریں پھیلا رہے ہیں جو کہ سراسر بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔