عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// دستکاری اور ہینڈ لوم (ایچ اینڈ ایچ) محکمہ نے کل یہاں یو این ڈی پی باغ علی مردان خان میں دستکاروں میں سرٹیفکیٹ، برآمدی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، کاریگر کارڈ تقسیم کیے اور ساتھ ہی دستکاری مصنوعات کی نمائش کا انعقاد کیا۔کمشنر سکریٹری، صنعت و تجارت، وکرم جیت سنگھ؛ ڈائریکٹر دستکاری اور ہینڈلوم کشمیر، محمود احمد شاہ اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر سیکرٹری نے دستکاری کی برآمدات میں اضافے کے لیے محکمہ کے تعاون کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کسی بھی ملک کی جی ڈی پی میں MSME کے کردار اور کشمیر میں روزگار پیدا کرنے اور دیہی معیشت کو سہارا دینے میں دستکاری کے شعبے کے کردار پر زور دیا۔ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر ملک میں اون پیدا کرنے والا دوسرا بڑاخطہ ہے اور اس طرح اون پروسیسنگ میں یو این ڈی پی کا کردار اولین اہمیت کا حامل ہے۔بعد ازاں کمشنر سکریٹری نے قومی پرچم لہرایا اور ’’میری مٹی میرا دیش‘‘ کا عہد بھی لیا۔